ہندوستان; آسمانی بجلی گرنے سے 23 افراد جاں بحق
ہندوستان کی مشرقی ریاست بہار میں مون سون کی بارشوں کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے کم از کم 23 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
ہندوستانی میڈیا کے مطابق آسمانی بجلی گرنے کے واقعات ریاست بہار میں بدھ سے جمعہ کے درمیان پیش آئے جس کے نتیجے میں 23 افراد ہلاک ہوگئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے افراد زیادہ تر زمیندار اور مزدور تھے۔
ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق بدھ اور جمعرات کو 13 افراد جبکہ جمعہ کو گیارہ افراد ہلاک ہوئے۔
بہار کے وزیر اعلیٰ نے ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرنے والوں کے ورثا کیلئے مالی امداد دینے کا بھی اعلان کیا ہے، انہوں نے موسم کی صورتحال اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات کے بعد عوام کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
ہندستانی محکمۂ موسمیات نے مزید گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے۔
خیال رہے کہ ہندوستان میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات عام ہیں، جس کے نتیجے میں ہر سال سینکڑوں افراد ہلاک ہوجاتے ہیں۔