Sep ۲۸, ۲۰۲۲ ۱۸:۴۳ Asia/Tehran
  • بی جے پی ہماری حکومت کو گرانا چاہتی ہے: کیجریوال کا دعوی

دہلی کے وزیر اعلی نے مرکز کی بی جے پی حکومت پر ایک بار پھر دہلی حکومت کو گرانے اور عام آدمی پارٹی کو توڑنے کی کوششوں کاالزام لگایا ہے۔

ہندوستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری اتنی بڑھ گئی ہے کہ عام آدمی کے لئے اپنا گھر چلانا مشکل ہو رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہر چیز مہنگی ہو رہی ہے، بے روزگاری بڑھ رہی ہے، لوگوں کے کاروبار بند ہورہے ہیں اور نوکریاں ختم ہو رہی ہیں ۔

اروند کیجریوال کا کہنا تھا کہ ان حالات میں ہر حکومت کا پہلا کام عوام کو ان مشکلات سے نجات دلانے کی کوشش ہونا چاہئے لیکن بقول ان کے بی جے پی حکومت کو اس کی کوئی فکر نہیں ہے۔

دہلی کے وزیر اعلی نے کہا کہ بی جے پی کے رہنما صرف گندی سیاست میں مصروف ہیں اور انہیں صرف یہ فکر ہے کہ دہلی کی عام آدمی پارٹی کی حکومت اور اروند کیجریوال کو کس طرح کچلا جائے۔

انھوں نے الزام لگایا کہ گجرات الیکشن کے پیش نظر، ان کی پارٹی کے کمیونیکیشن انچارج وجے نائر کو گرفتار کیا گیا کیونکہ انھوں نے پنجاب الیکشن میں اچھا کام کیا اور گجرات الیکشن میں عام آدمی پارٹی کے کمیونیکیشن کا کام بھی انہیں سونپا گیا تھا۔

ٹیگس