ہندوستان کی ترقی کی شرح 7 فیصد رہے گی: نرملا سیتا رمن
ہندوستان کی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے موجودہ مالی سال میں ملک کی ترقی کی شرح سات فیصد رہنے کی امید ظاہر کی ہے۔
ہندوستان کی سرکاری خبررساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے واشنگٹن ڈی سی میں بین الاقوامی مالیاتی فنڈ آئی ایم ایف اور بین الاقوامی مالیاتی کمیٹی آئی ایم سی کے مشترکہ سالانہ اجلاس سے خطاب میں کہا کہ عالمی سطح پر ناسازگار حالات کے باوجود ہندوستانی معیشت پٹری پر رہے گی ۔ انھوں نے کہا کہ رواں مالی سال میں ہندوستان کی سات فیصد ترقی کی شرح کی امید کی جاتی ہے۔
نرملا سیتا رمن نے یہ بیان ایسی حالت میں دیا ہے کہ ہندوستان کے حزب اختلاف کے رہنما مرکزی حکومت پر ملک کی معیشت تباہ کرنے اور بے روزگاری بڑھانے کا الزام لگاتے ہیں ۔
کانگریسی رہنما اور رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے اپنے تازہ بیان میں کہا ہے کہ مودی حکومت نے ملک کے نوجوانوں کو روزگار دینے کے نام پر صرف گمراہ کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ مودی حکومت نے دو کروڑ نوجوانوں کو روزگار دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن آج ملک کےنوجوان بے روزگاری اور بے بسی کا شکار ہیں اور حکومت نے آنکھیں بند کر رکھی ہیں ۔