راہل گاندھی کی قیادت میں بھارت جوڑو یاترا جاری
ہندوستان میں راہل گاندھی کی قیادت میں بھارت جوڑو یاترا جاری ہے۔
ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق کانگریس پارٹی کی بھارت جوڑو یاترا میں شریک لوگوں نے اتوار کو مہاراشٹرا کے علاقے بھینڈوال سے اپنے سفر کو جاری رکھا ہے ۔ رپورٹوں میں بتایاگیا ہے کہ یاترا میں لوگوں کی تعداد میں دن بدن اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔
راہل گاندھی نے اتوار کوآدی واسیوں کے ایک اجتماع سے خطاب کیا۔ ان کے جلسے میں آدی واسیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ انھوں نے اپنے خطاب میں بی جے پی حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ آدی واسی ہندوستان کے اصلی باشندے ہیں انہیں تعلیم اور روزگار سمیت ایک شہری کے سبھی حقوق ملنے چاہئے۔
راہل گاندھی کی قیادت میں بھارت جوڑو یاترا بہت تیزی کے ساتھ ریاست مدھیہ پردیش کی جانب بڑھ رہی ہے جہاں گزشتہ دنوں ان کے خلاف دھمکی آمیز خط ملا تھا۔
راہل گاندھی کی قیادت میں کانگریس پارٹی کی بھارت جوڑو یاترا سات ستمبر کو تامل ناڈو کے علاقے کنیا کماری سے شروع ہوئی اور مختلف ریاستوں سے ہوتے ہوئے چوہتر دن میں مدھیہ پردیش کی سرحد کے قریب پہنچ گئی ہے۔
اس یاترا کا مقصد ہندوستانی سماج میں فرقہ پرستوں کی طرف سے پھیلائی گئی منافرت اور تقسیم کے ماحول کو ختم کرکے آپسی میل جول ، بھائی چارہ اور فرقہ وارانہ آہنگی اور کثرت میں وحدت کی ثقافت کو مضبوط کرنا بتایا گیا ہے۔