Nov ۲۱, ۲۰۲۲ ۲۱:۱۸ Asia/Tehran
  •  اردو ناول “نعمت خانہ” کو ہندوستان کا سب سے قیمتی ایوارڈ

جامعہ ملیہ اسلامیہ (دہلی) میں اردو کے پروفیسر خالد جاوید کو ان کے مشہور ناول “نعمت خانہ” کے لئے عظیم اور باوقار “جے سی بی انعام برائے ادب” سے نوازا گیا ہے۔

سحرنیوز/ ہندوستان: "نعمت خانہ" ناول اردو کا پہلا ناول ہے جسے باوقار جے سی بی انعام کے لئے منتخب کیا گیا ہے۔ اسے "ہندوستان کا سب سے قیمتی ادبی انعام" بھی کہا جاتا ہے۔ مذکورہ ناول میں پچاس سال کے عرصے میں ایک متوسط ​​طبقے کے مشترکہ مسلم خاندان کی کہانی پیش کی گئی ہے۔ نعمت خانہ کا اردو سے انگریزی میں ترجمہ "دی پیراڈائز آف فوڈ"   کے نام سے جامعہ ملیہ اسلامیہ کی انگریزی کی پروفیسر ’باراں فاروقی‘ نے کیا ہے۔

ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق پروفیسر خالد جاوید کو دہلی کے اوبرائے ہوٹل میں ایک تقریب کے دوران ٹرافی کے ساتھ 25 لاکھ روپے کی انعامی رقم بھی دی گئی۔ ناول کی مترجم باراں فاروقی کو بھی ایوارڈ کے لئے 10 لاکھ روپے دیئے گئے۔ ایوارڈ وصول کرتے ہوئے خالد جاوید نے کہا کہ انہیں کبھی امید نہیں تھی کہ ان کا یہ ناول یہ اعزاز حاصل کرپائے گا۔  ان کا کہنا تھا کہ "میں نے یہ ناول سنہ ٫2014 میں لکھا تھا اور آج اسے تسلیم کیا گیا ہے اور یہ کہ باراں فاروقی کی بے پناہ مہارت کی وجہ سے ناول کو ایوارڈ کے لئے منظور کیا گیا ہے۔"

Image Caption

 

واضح رہے کہ "جے سی بی پرائز فار لٹریچر" ایک ہندوستانی اہم ادبی ایوارڈ ہے جس کا آغاز سنہ 2018 میں ہوا تھا۔ یہ انعام انگریزی میں کام کرنے والے ہندوستانی مصنف کے فکشن کے ممتاز کام یا ہندوستانی مصنف کے ذریعہ ترجمہ شدہ فکشن کے لئے دیا جاتا ہے اور ایک ٹرافی کے ساتھ 25 لاکھ روپے کی نقد رقم بھی دی جاتی ہے۔ اس ایوارڈ کو ہندوستان کا ادب کے لئے دیا جانے والا سب سے زیادہ مالیت کا ادبی ایوارڈ مانا جاتا ہے۔ انعام کے لئے شامل 22 ہندوستانی زبانوں کی نگارشات میں سے ایک بہترین تصنیف کو منتخب کیا جاتا ہے۔

خالد جاوید کا تعلق اترپردیش کے شہر بریلی سے ہے اور وہ فلسفہ اور اردو ادب کے اسکالر ہیں۔ اس وقت وہ جامعہ ملیہ اسلامیہ، دہلی، میں اردو کے پروفیسر ہیں۔ خالد جاوید کی کہانی امریکہ کی پرنسٹن یونیورسٹی کے شعبۂ ساؤتھ ایشین لٹریچر کے کورس میں شامل ہے۔

 

 

ٹیگس