Dec ۰۵, ۲۰۲۲ ۱۷:۲۲ Asia/Tehran
  • الیکشن کمیشن پر بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانبداری کا الزام

ہندوستان میں کانگریس پارٹی نے گجرات الیکشن کے تعلق سے الیکشن کمیشن پر بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانبداری کا الزام لگایا ہے۔

سحر نیوز/ ہندوستان: کانگریس پارٹی کے ترجمان پون کھیڑا نے نئی دہلی میں پارٹی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ گجرات میں بقول ان کے وزیر اعظم نریندر مودی جمہوریت کا قتل کررہے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندرمودی گجرات میں ووٹ دینے کے لئے نکلے تو ڈھائی گھنٹے تک روڈ شو کیا جس کو براہ راست ٹیلی کاسٹ کیا گیا۔ انھوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے ضابطے کی خلاف ورزیوں کا کوئی نوٹس نہیں لیا اور اس سلسلے میں کانگریس پارٹی کی شکایت پربھی خاموشی اختیار کی ہے۔
انھوں نے کہا کہ گجرات انتخابات کے تعلق سے الیکشن کمیشن کا یہ کردار قابل معافی نہیں ہے ۔ انھوں نے کہا کہ ووٹنگ کے دن روڈ شو کا معاملہ بہت سنگین ہے اور  کانگریس پارٹی اس سلسلے میں ماہرین کی رائے لے رہی ہے۔
یاد رہے کہ ہندوستان کی ریاست گجرات میں اسمبلی انتخابات کا دوسرا اور آخری مرحلہ آج پیر کو انجام پایا ۔ گجرات کے اسمبلی انتخابات کے دوسرے اور آخری مرحلے میں آج کو ترانوے نشستوں کے لئے ووٹ ڈالے گئے۔ دوسرے مرحلے میں ٹرن آؤٹ پچاس فیصد سے زیادہ بتایا گیا ہے۔

ٹیگس