ہندوستانی وزیراعظم کا ایک اور دعویٰ
ہندوستان کے وزیراعظم نے کہا ہے کہ ملک میں منتخب جگہوں پر قائم کیے جانے والے ٹیکسٹائل پارک میک ان انڈیا اور میک فار دی ورلڈ کی بہترین مثال ثابت ہوں گے اور ان سے بڑی سرمایہ کاری اور روزگار کو فروغ حاصل ہوگا۔
سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے جمعہ کو ٹوئیٹ کیا کہ یہ پارک تمل ناڈو، تلنگانہ، کرناٹک، مہاراشٹر، گجرات، مدھیہ پردیش اور اتر پردیش میں بنائے جائیں گے۔انھوں نے کہا کہ اس اسکیم میں کھیت سے لے کر اسپاننگ مل، فیکٹری، فیشن اور بیرون ملک مارکیٹ تک ٹیکسٹائل سیکٹر کی، ویلیو ایڈیشن سیریز کی کڑیوں کو فروغ دینے کا تصور کیا گیا ہے۔
انہوں نے اپنی حکومت کی کامیابی کا گن گاتے ہوئے یہ تبصرہ ایسی حالت میں کیا ہے کہ ہندوستان کی حزب اختلاف کی تمام جماعتوں کا کہنا ہے کہ بی جے پی دور حکومت میں ہندوستان میں تاریخی طور پر بے روزگاری میں اضافہ ہوا ہے اور ملک کی معاشی حالت ریکارڈ حد تک بدتر ہوئی ہے۔