بی جے پی حکومت پر کانگریس کی تنقید
ہندوستان کی حزب اختلاف کی جماعت کانگریس نے کہا ہے کہ وہ جے پی سی کی تشکیل کے اپنے مطالبے سے ہرگز دستبردار نہیں ہوگی۔
سحر نیوز/ ہندوستان: کانگریس پارٹی کے میڈیا انچارج جے رام رمیش نے پریس کانفرنس میں کہا کہ حکومت اور خود وزیراعظم نریندر مودی کو اڈانی گروپ کے سلسلے ہینڈن برگ کی رپورٹ پر خاموشی توڑنی چاہئے اور مشترکہ پارلیمانی تحقیقاتی کمیٹی، جے پی سی کی تشکیل کے بارے میں حزب اختلاف کے مطالبے کو مان لینا چاہئے ۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہےکہ ایک مشترکہ پارلیمانی کمیٹی تشکیل دے کر اڈانی معاملے کی تحقیقات ہونی چاہئیں، انہوں نے کہا کہ اڈانی گروپ کی تحقیقات کےلئے جے پی سی کی تشکیل کے بارے میں حزب اختلاف کے مطالبے اور راہل گاندھی کی معافی کے بارے میں حکمراں جماعت کے مطالبے کو واپس لینےکے درمیان کوئی تعلق نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم اس سلسلے میں کوئی معاملہ نہیں کریں گے۔
کانگریس کے رہنما جے رام رمیش نے کہا کہ بی جے پی کی طرف سے کہا جا رہا ہےکہ کانگریس جے پی سی کی تشکیل کا مطالبہ واپس لے لےتو ہم راہل گاندھی کی معافی کے مطالبے کو واپس لے لیں گے لیکن ہم اس طرح کی کوئی بھی سودے بازی قبول نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی حکومت سے بنیادی سوالات پوچھ رہی ہے اور یہ ایک حقیقت ہے کہ اڈانی گروپ میں بدعنوانی ہوئی ہے۔