ہندوستانی پارلیمنٹ کی کارروائی غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی
Apr ۰۶, ۲۰۲۳ ۱۷:۵۵ Asia/Tehran
ہندوستانی پارلیمنٹ کی کارروائی غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردی گئی۔
سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستانی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے جمعرات کو اعلان کیا کہ اکتیس جنوری سے شروع ہونے والا لوک سبھا کا سیشن غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کیا جاتا ہے۔
انھوں نے ایوان کے اجلاس کی رپورٹ پیش اور ایوان کی کارروائیوں میں رکاوٹوں ، شور شرابے اور نعرے بازیوں کو نامناسب طرزعمل قرار دیتے ہوئے اس پر ناراضگی کا اظہار کیا ۔
ہندوستانی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا کے اسپیکر نے کہا کہ بعض اراکین کا نا مناسب رویہ ایوان، ملک اور جمہوری اصولوں کے لئے نقصان دہ ہے۔
دوسری طرف ایوان بالا راجیہ سبھا میں جمعرات کو موجودہ سیشن کے آخری دن بھی معمول کی کارروائی نہ چل سکی ۔ کارروائی شروع ہوتے ہی حزب اختلاف کے اراکین نے اڈانی کے معاملے میں مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کا مطالبہ کیا اور شور شرابہ بڑھنے کے بعد چیئرمین نے کارروائی دو بجے تک کے لئے ملتوی کردی ۔
انھوں نے دو بجے دوبارہ سیشن شروع ہونے کے بعد اجلاس کی رپورٹ پیش کی اور کارروائی غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کئے جانے کا اعلان کردیا۔