مودی حکومت کے نوسال اور کانگریس کے نوسوال
ہندوستان میں وزیراعظم مودی کی سربراہی میں بی جے پی حکومت کے نو سال مکمل ہونے پر حزب اختلاف کی جماعت کانگریس پارٹی نے مرکزی حکومت کو نشانے پر لیتے ہوئے نو سوال کئےہیں
سحر نیوز/ ہندوستان: کانگریس پارٹی نے اپنے بیان میں گذشتہ نوبرسوں کو بی جے پی کی حکومت کو ناکامی کے نوسال بتائے ہیں اور کہا کہ گذشتہ نوبرسوں میں آئین ، جمہوریت ، کسان ، پہلوان سمیت ملک کا کوئی بھی طبقہ ایسا نہیں ہے کہ جو وزیراعظم مودی کی حکومت کے وار سے محفوظ رہا ہو ۔
کانگریس نے الزام لگایا کہ وزیراعظم مودی نے ملک کو کئی دہائی پیچھے دھکیل دیا ہے۔ کانگریس نے مودی حکومت سے مختلف مسائل منجملہ نوجوانوں کو روز گار دینے کے وعدے میں ناکامی جیسے نو سوال کرتے ہوئے حکومت سے جواب مانگا ہے۔
کانگریس پارٹی نے اسی طرح چین کے ساتھ سرحدی تنازعے پر بقول اس کے موجودہ حکومت کی کمزوری پر بھی سوال اٹھائے ہیں، کانگریس نے حکومت سے سوال کیا ہے کہ حکومت انتخابات میں فائدہ حاصل کرنے کے لئے تقسیم کی سیاست کیوں کرتی ہے۔
دوسری جانب بھارتیہ جنتا پارٹی نے کانگریس پارٹی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کانگریس کے نوسوالوں کو جھوٹ کا پلندہ قرا ردیتے ہوئے اسے کانگریس پارٹی کی بے شرمی سے تعبیر کیا ہے۔