ہندوستان کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر حقیقی سماجی انصاف اور سیکولرزم، نریندر مودی
ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کو حقیقی سماجی انصاف اور سیکولرزم قرار دیا ہے۔
سحر نیوز/ ہندوستان: ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق وزیراعظم نریندرمودی نے پیر کو گوہاٹی میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے، شمال مشرقی ہندوستان کی پہلی وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔
اس مناسبت سے ایک تقریب سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ نو برس نئے ہندوستان کی تعمیر کے لئے بے مثال کامیابیوں کے سال رہے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ اقتدار میں آنے کے بعد ان کی حکومت نے غریبوں کی فلاح وبہبود کو سب سے زیادہ ترجیح دی۔
نریندر مودی کا کہنا تھا کہ آج ہندوستان میں بنیادی ڈھانچے پر جو کام ہو رہا ہے اس پر بقول ان کے پوری دنیا میں بحث ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بنیادی ڈھانچے غریبوں، دلتوں، پسماندہ قبائلی اور محروم طبقات کو با اختیار بناتے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ بنیادی ڈھانچے سب کے لئے، یکساں طور پر اور بلاتفریق ہیں اور یہی حقیقی سماجی انصاف اور سیکولرزم ہے۔
ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے انفرا اسٹرکچر کو سب کے لئے حقیقی سماجی انصاف اور سیکورلرزم ایسی حالت میں قرار دیا ہے کہ ان کی حکومت پر حزب اختلاف کی جماعتیں سرمایہ داروں کی حمایت ، غریبوں، دلتوں ، پسماندہ طبقات کو نظرانداز کرنے ، سماج کو تقسیم کرنے ملک کی سیکولر شناخت کی منافی پالیسیوں کو آگے بڑھانے کا الزام لگاتی ہیں۔