Oct ۱۴, ۲۰۲۳ ۱۲:۲۴ Asia/Tehran
  • مقبوضہ فلسطین میں پھنسے ہندوستانیوں کو لے کر دوسری پرواز دہلی پہنچ گئی

غاصب اسرائیل اور فلسطین کی مزاحمتی قوتوں کے درمیان جاری جنگ کے درمیان ہندوستان نے اسرائیل سے اپنے شہریوں کو واپس لانے کے لئے اجے آپریشن کا آغاز کیا ہے اور اسی آپریشن کے تحت ہندوستانی شہریوں کا دوسرا قافلہ دہلی پہنچ گيا ہے.

سحرنیوز/ہندوستان: موصولہ خبروں کے مطابق ہندوستانی شہریوں کے اس دوسرے قافلے میں دو بچوں سمیت دوسو پینتیس شہری شامل ہيں۔
ان افراد کو جمعہ تیرہ اکتوبر کو بحفاظت اسرائیل سے باہر نکالا گيا تھا۔
اس سے ایک دن پہلے ایک خصوصی طیارے کے ذریعے دوسو بارہ ہندوستانی شہریوں کو ہندوستان لایا گیا تھا۔ اسرائیل میں ہندوستانی سفارت خانے نے کہا ہے کہ ہندوستانی شہریوں کے انخلاء کا عمل ہفتہ چودہ اکتوبر کو بھی جاری رہے گا۔ اسرائیل میں رہنے والے ہندوستانیوں کی تعداد اٹھارہ ہزار ہے۔
ان میں زیادہ تر طلباء، آئی ٹی پروفیشنلز اور ہیروں کے تاجر شامل ہیں۔ ہندوستان واپس آنے والے لوگوں کو واپس لانے کے اخراجات حکومت خود برداشت کر رہی ہے۔خیال رہے کہ ہندوستان نے جمعرات کو آپریشن اجے کا اعلان کیا۔
اس کا مقصد اسرائیل میں رہنے والے ہندوستانیوں کی محفوظ واپسی ہے۔ اس آپریشن کے ذریعے اسرائیل سے صرف ان لوگوں کو لایا جا رہا ہے، جو وہاں سے آنے کے لیے تیار ہیں۔

ٹیگس