Jun ۰۵, ۲۰۲۴ ۰۸:۴۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان: لوگ سبھا انتخابات کے مکمل نتائج کا اعلان

ہندوستان میں لوک سبھا عام انتخابات کے نتائج سامنے آ گئے ہیں۔

سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستان کے الیکشن کمیشن کے جاری کردہ شیڈیول کے مطابق گزشتہ روز چار جون کو لوک سبھا انتخابات کے نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے تھے جو گزشتہ شب مکمل ہو گئے۔ ان انتخابات میں کوئی بھی سیاسی جماعت حکومت سازی کے لئے درکار اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب نہ رہی تاہم حکمراں اتحاد این ڈی اے مجموعا دوسو بانوے نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب رہا جبکہ اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد انڈیا نے دوسو چونتیس نشستیں حاصل کیں۔
سب سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے والی پارٹی بی جے پی رہی جس نے دوسو چالیس سیٹوں کو اپنے نام کیا جبکہ انڈین نیشنل کانگریس، سماج وادی پارٹی، آل انڈیا ٹرینمول کانگریس اور ڈی ایم کے بالترتیب دوسرے سے پانچویں نمبر پر رہیں جنہوں نے ترتیب وار ننانوے، سینتیس، انتیس اور بائیس نشستوں پر اپنا قبضہ جمایا۔
گزشتہ لوگ سبھا انتخابات کے مقابلے میں حکمراں جماعت بی جے پی کو ترسٹھ نشستیں کم ملیں اور نتیجے میں اُسے اس بار حکومت سازی کے لئے اپنی اتحادی نشستوں کی ضرورت ہے جبکہ اس کے مقابلے میں سب سے بڑی اپوزیشن جماعت کانگریس کی پوزیشن مضبوط ہوئی ہے جس نے گزشتہ انتخابات کے مقابلے میں سینتالیس نشستیں زیادہ حاصل کی ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ نتائج آنے کے بعد حکمراں اتحاد نے اسے اپنے ایجنڈے کی جیت اور عوامی بھروسے سے تعبیر کیا جبکہ اپوزیشن نے اُسے جمہوریت اور آئین کے تحفظ کے لئے جاری اپنی تحریک کی فتح قرار دیتے ہوئے اُس پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔

ٹیگس