ہندوستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں میزبان امریکا کو شکست دے کر سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا
ہندوستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں میزبان امریکا کو شکست دے کر لگاتار تیسری فتح حاصل کر کے سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
سحرنیوز/ ہندوستان : نیویارک میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے گروپ اے کے میچ میں ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو بالکل درست ثابت ہوا۔ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں امریکا کا ایک ایشین ٹیم کو اپ سیٹ کرنے کا خواب پورا نہ ہوسکا۔ اس گراؤ نڈ پر سب سے بڑا ہدف عبور ہوا۔ فیورٹ بھارت نے میزبان ٹیم کو سات وکٹ سے شکست دے کر سپر ایٹ کھیلنے کا اعزازحاصل کرلیا ۔
سوریا کمار یادو پچاس اور شیوم ڈوبے نے اکتیس رنز کی اننگز کھیلی اور دونوں ناٹ آؤٹ رہے۔ ہندوستان کی ٹیم تین میچ جیت کر ناقابل شکست ہے جبکہ دو میچ جیتنے والی امریکی ٹیم کو پہلی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ایک سو گيارہ رنز کا ہدف ہندوستان نے انیسویں اوور میں حاصل کرلیا۔
امریکاکے سوربھ نیٹرا والکر نے ویراٹ کوہلی کو صفر اور کپتان روہت شرما کو تین رن پرآؤٹ کرکے سنسنی پھیلادی۔ علی خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔ بائيس رنز پر سوریا کمار کا آسان کیچ ڈراپ ہوا جو ٹرننگ پوائنٹ ثابت ہوا۔ بدھ کو امریکا نے آٹھ وکٹ پر ایک سو دس رنز بنائے۔ نتیش کمار ستائیس اور اسٹیون ٹیلر چوبیس رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ارشدیپ سنگھ نےنو رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں اور پلئیر آف دی میچ قرار پائے۔
دوسری جانب پاکستان کے سپر ایٹ میں کوالی فائی کرنے کے امکانات ابھی موجود ہیں لیکن جمعے اور اتوار کے میچوں کے نتائج اہم ہوں گے۔