Jun ۲۲, ۲۰۲۴ ۰۹:۰۵ Asia/Tehran
  • ہریانہ، جھارکھنڈ، مہاراشٹر، جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کی تیاریاں

ہندوستان کے الیکشن کمیشن نے جمعہ کو ہریانہ، جھارکھنڈ، مہاراشٹر اور مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر میں قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کی تیاریوں کا عمل پچیس جون سے شروع کرنے کا اعلان کردیا، جس کے تحت ووٹر لسٹوں کو اپ ڈیٹ کرنے کا کام یکم جولائی سے شروع کیا جائے گا۔

سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی یو این آئی کے مطابق مذکورہ تینوں ریاستوں میں موجودہ اسمبلیوں کی میعاد بالترتیب تین نومبر، چھبیس نومبر دو ہزار چوبیس اور پانچ جنوری دو ہزار پچیس کو ختم ہونے والی ہے۔ جموں و کشمیر میں تنظیم نو کے بعد پہلی بار قانون ساز اسمبلی کے انتخابات ہونے ہیں۔ جمعے کو جاری کردہ ایک پریس ریلیز میں الیکشن کمیشن آف انڈیا نے کہا کہ پری اسپیشل سمری ریویو (ایس ایس آر) سرگرمی ان چار ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں پچیس جون سے شروع کی جا رہی ہے۔
اس میں گروپ ہاؤسنگ سوسائٹیوں، کچی آبادیوں، شہری علاقوں اور دیہی علاقوں میں ووٹروں کے لیے انتہائی آسان مقامات پر پولنگ اسٹیشنوں کا قیام، پولنگ اسٹیشنوں کی معقولیت یا دوبارہ ترتیب اور ووٹر لسٹ کو اپ ڈیٹ کرنے کے لیے پہلے سے نظرثانی کا کام شامل ہے۔ ان ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اسمبلی انتخابات کے لیے ووٹر لسٹ کو اپ ڈیٹ کرنے کا کام یکم جولائی دو ہزار چوبیس کو شروع ہوگا۔

ٹیگس