سی بی آئی میں نیٹ امتحان مبینہ بے ضابطگیوں کا معاملہ درج
ہندوستان کے مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے مرکزی وزارت تعلیم کی تحریری شکایت کی بنیاد پر قومی اہلیت مع داخلہ ٹیسٹ (این ای ای ٹی) (یو جی) میں مبینہ بے ضابطگیوں کے سلسلے میں فوجداری مقدمہ درج کیا ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستان کی سرکاری نیوز ایجنسی یو این آئی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ ایف آئی آر میں یہ الزام لگایا گیا ہے کہ پانچ مئی کو نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) کے ذریعہ منعقدہ این ای ای ٹی (یو جی) 2024 کے امتحان کے دوران کچھ ریاستوں میں مختلف واقعات پیش آئے۔ یہ امتحان 14 غیر ملکی شہروں سمیت 571 شہروں میں 4,750 مراکز پر منعقد کیا گیا تھا جس میں 23 لاکھ سے زیادہ امیدواروں نے شرکت کی تھی۔
ذرائع کے مطابق وزارت تعلیم نے سی بی آئی سے درخواست کی ہے کہ وہ مبینہ بے ضابطگیوں بشمول سازش، دھوکہ دہی، نقالی، اعتماد شکنی اور امیدواروں، اداروں اور دلالوں کے ذریعہ ثبوتوں کو تباہ کرنے اور بے ضابطگیوں کی کوششوں سمیت پورے معاملے کی جامع تحقیقات کرے۔
خیال رہے کہ ہندوستانی وزارت تعلیم کا یہ اقدام ملکی سطح پر بننے والے شدید دباؤ کے بعد سامنے آیا ہے اور اس سے قبل وہ مذکورہ امتحان میں ہوئی مبینہ بے ضابطگی کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کرتی رہی ہے۔