ہندوستان: کانگریس نے منريگا بچاؤ سنگرام کے تحت حکومت کے سامنے تین اہم مطالبات پیش کر دیئے
ہندوستان کی حزب اختلاف کی سب سے بڑی پارٹی کانگریس کے صدر ملکارجن کھڑگے نےکہا ہے کہ پارٹی نے منریگا بچاؤ سنگرام کے تحت تین اہم مطالبات حکومت کے سامنے رکھے ہیں۔
سحرنیوز/ہندوستان: اطلاعات کے مطابق ملکارجن کھڑگے نےکہا کہ ہمارے تین مطالبات یہ ہیں کہ منریگا کی جگہ لایا جانے والا وی بی جی رام جی قانون واپس لیا جائے، منریگا کو مزدور اور غریب طبقات کے حقوق پر مبنی قانون کے طور پر بحال کیاجائے اور عوام کے کام کے حق اور پنچایتوں کے حق کو بحال کیا جائے۔ ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ ہم نے منریگا بچاؤ سنگرام اس لئے شروع کیا ہے کہ منریگا کوئی عطیہ نہیں بلکہ یہ حق اور اس کی قانونی گارنٹی ہے۔
انھوں نے کہا کہ منریگا سے کروڑوں غریبوں کو اپنے گاؤں میں کام ملا، جس سے مجبوری کی مہاجرت کم ہوئی، دیہی مزدوری بڑھی اور خواتین کا معاشی وقار مضبوط ہوا۔
نئی دہلی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق کانگریس پارٹی نے منریگا بچانے اور اس کی جگہ پارلیمنٹ کے پاس کردہ نئے جی رام جی قانون کی مخالفت میں اپنی مہم تیز کردی ہے۔
سینیئر کانگریسی رہنما جے رام رمیش نے گزشتہ روز نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس میں اعلان کیا تھا کہ ملک گیر منریگا بچاؤ سنگرام آٹھ جنوری سے شروع ہوگا اور پچیس فروری تک جاری رہے گا۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کا یہ سنگرام صرف دہلی تک محدود نہیں رہے گا بلکہ پورے ملک میں، ملک کی ہر ریاست میں، ضلع، بلاک اورگرام پنچایت کی سطح پر چلایا جائے گا۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel
یاد رہے کہ ہندوستان کی مرکزی حکومت نے دو ہزار پانچ میں مہاتما گاندھی کے نام سے پاس ہونے والے اس قانون کو ختم کرکے اس کی جگہ نیا دیہی روزگار قانون پاس کیا ہے جس کی حزب اختلاف کی سبھی جماعتوں نے سخت مخالفت کی تھی لیکن پارلیمنٹ میں بی جے پی کی قیادت میں حکمراں اتحاد کو واضح اکثریت حاصل ہے اس لئے دونوں ایوانوں سے نیا بل پاس ہوگیا جس پر صدر ہندوستان نے دستخط بھی کردیئے جس کے بعد وہ قانون میں تبدیل ہوگیا۔