جنرل اوپیندر دویدی ہندوستان کے تیسویں آرمی چیف
جنرل اوپیندر دویدی نے اتوار کے روز یہاں 30ویں آرمی چیف کے طور پر عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ انہیں جنرل منوج پانڈے کا جانشیں مقرر کیا گیا ہے، جو چار دہائیوں سے زیادہ کی خدمات کے بعد سبکدوش ہوئے ہیں۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستان کے سرکاری خبر رسان ایجنسی یو این آئی کے مطابق جنرل منوج پانڈے نے یہاں ساؤتھ بلاک میں واقع وزارت دفاع کے دفتر میں فوج کی کمان جنرل دویدی کو سونپی۔ جنرل پانڈے کی میعاد گزشتہ ماہ ختم ہونے والی تھی لیکن لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر ان کی مدت میں ایک ماہ کی توسیع کی گئی تھی۔
چالیس سال سے فوج میں خدمات انجام دینے والے جنرل دویدی اعلی ترین ہنرمند فوجی کمانڈر ہیں۔ وہ سینک اسکول، ریوا (مدھیہ پردیش) کے تربیت یافتہ ہیں اور 1984 میں جموں و کشمیر رائفلز ریجمنٹ میں شامل کیا گیا تھا۔ انہیں ناردرن، ایسٹرن اور ویسٹرن تھیٹر کمانڈز میں خدمات انجام دینے کا منفرد اعزاز حاصل ہے۔جنرل دویدی نے ایسے وقت میں فوج کی کمان سنبھالی ہے جب عالمی جیو اسٹریٹجک ماحول مسلسل تبدیل ہو رہا ہے، تکنیکی ترقی اور جدید جنگ کے بدلتے کردار کی وجہ سے سکیورٹی کے شعبے میں نت نئے مشکلات پیش آ رہے ہیں۔
نئے آرمی چیف کو سکیورٹی کے شعبے میں جدید اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی کی گہری سمجھ ہے، اور آپریشنل کارکردگی کو بڑھانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کو عسکری نظام میں بروئے کار لانے اور ان کو ضم کرنے کے لیے ان کا خصوصی نقطہ نظر ہے۔ یہ نقطہ نظر ہندوستانی فوج کی خود انحصاری کے ذریعے جدت اور صلاحیت کی ترقی کے تقاضوں کو پورا کرنے کی سمت میں بڑھنے کے عین موافق ہے۔