جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کا آخری مرحلہ شروع
ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے تیسرے اور آخری مرحلے کے لئے سات اضلاع پر محیط چالیس سیٹوں پر پولنگ صبح سات بجے سے جاری ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: موصولہ رپورٹوں کے مطابق جموں و کشمیر انتخابات کے تیسرے اور آخری مرحلہ میں آج چالیس سیٹوں پر ووٹنگ ہو رہی ہے۔ آخری مرحلے میں چارسو پندرہ امیدوار اپنی سیاسی قسمت آزمارہے ہیں۔ ووٹنگ صبح سات بجے سے چالیس اسمبلی حلقوں میں جاری ہے-اسمبلی انتخابات کے اس آخری مرحلے کے لئے رائے دہندگان کی کل تعداد انتالیس لاکھ اٹھارہ ہزار دوسو ہے۔ حکام نے رائے دہندگان کے لئے سات اضلاع میں کل پانچ ہزار ساٹھ پولنگ مراکز قائم کئے ہیں اور ہر پولنگ مرکز پر پریزائڈنگ افسر سمیت چار اہلکاروں پر مشتمل الیکشن عملہ تعینات ہے اور مجموعی طور پر اس مرحلے کے لئے بیس ہزار سے زیادہ اہلکاروں پر مشتمل الیکشن عملے کو تعینات کیا گیا ہے۔ آج چالیس نشستوں میں سے سولہ کشمیر کے علاقے میں جبکہ چوبیس جموں خطے میں ہیں-پولیس کی جانب سے رائے دہی کیلئے سخت سیکوریٹی انتظامات کئے گئے ہیں-