Dec ۱۰, ۲۰۲۴ ۱۴:۵۰ Asia/Tehran
  • ہندوستان، پارلیمنٹ میں ہنگامہ، کارروائی ملتوی

ہندوستان کی پارلیمنٹ لوک سبھا میں حزب اختلاف کی جانب سے ہنگامے کی وجہ سے آج بھی کاروائی ملتوی کرنا پڑی۔

سحر نیوز/ ہندوستان:ہندوستان کے میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ جیسے ہی ایوان کا اجلاس شروع ہوا، لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے کہا کہ پارلیمنٹ ایک مقدس مقام ہے۔اس عمارت کی عزت اور وقار بلند ہے۔ پارلیمنٹ میں ملک کی امنگیں اور توقعات پوری ہوتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کے احاطے میں گزشتہ چند دنوں سے جس طرح کے مظاہرے اور نعرے بازی کی جا رہی ہے وہ نہ صرف نازیبا ہے بلکہ ہر طرح کے اقدار کے خلاف ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن رہنماؤں کا رویہ بھی پارلیمانی اقدار کے مطابق نہیں ہے۔اسپیکر نے زور دیا کہ حکمران جماعت ہو یا اپوزیشن، تمام جماعتوں کے لوگ پارلیمنٹ کے وقار کی روایت کو برقرار رکھیں، اس سے عوام میں صحیح پیغام جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وقفہ سوال اہم ہے، اسے چلنے دیں۔

انہوں نے وقفہ سوال چلانے کے لیے بھارتیہ جنتا پارٹی کے دلیپ سائکیا کا نام لیا لیکن اپوزیشن ارکان نے ہنگامہ شروع کر دیا۔

جس کے بعد اسپیکر نے کہا کہ آپ ایوان نہیں چلانا چاہتے جس پر ایوان کی کارروائی ملتوی کر دی گئی۔ 

ٹیگس