ہندوستان: سپریم کورٹ کی جانب سے راہل گاندھی کے خلاف ہتک عزت کے مقدمے پر روک
ہندوستانی سپریم کورٹ نے کانگریسی رہنما راہل گاندھی کے خلاف ہتک عزت کے ایک مقدمے پر روک لگا دی ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا کے مطابق ہندوستان کی عدالت عظمی نے جھارکھنڈ کی ایک عدالت میں امت شاہ کو قتل کا ملزم کہنے کے ایک پرانے معاملے میں، ہتک عزت کی کارروائی پر روک لگا دی ہے۔اس رپورٹ کے مطابق ہندوستانی سپریم کورٹ نے مسٹر راہل گاندھی کو راحت دیتے ہوئے، حکم صادر کیا ہے کہ اگلے احکامات تک اس کیس میں ٹرائل کورٹ کی سبھی کارروائیاں روک دی جائيں۔ہندوستانی سپریم کورٹ نے یہ حکم ایسی حالت میں جاری کیا ہے کہ اس سے قبل جھارکھنڈ ہائی کورٹ نے راہل گاندھی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے، نچلی عدالت کی کارروائی ميں مداخلت سے انکار کردیا تھا۔ مسٹر گاندھی نے جھارکھنڈ کی نچلی عدالت کے اس فیصلے کو چیلنج کیا تھا کہ وہ مقدمے ميں ذاتی طورپر حاضری دیں۔یاد رہے کہ راہل گاندھی کے خلاف ہتک عزت کا یہ مقدمہ ایک بی جے پی کارکن نے دو ہزار اٹھارہ ميں مسٹر امت شاہ کے خلاف راہل گاندھی کے ایک بیان پر دائر کیا تھا۔