Nov ۰۶, ۲۰۲۵ ۱۱:۵۶ Asia/Tehran
  • ہندوستان: راہل گاندھی کا

ہندوستان کی حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت کانگریس کے لیڈر راہل گاندھی نے مبینہ ووٹ چوری کے خلاف اپنی مہم کے دوسرے حصے کے طور پر بدھ کو پریس کانفرنس کا انعقاد کیا۔

 سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا ذرائع کی رپورٹ کے مطابق راہل گاندھی نے دہلی میں منعقدہ پریس کانفرنس میں ’ایچ فائلز‘ کے نام سے نئے انکشافات کرتے ہوئے ملک کے انتخابی نظام پر پھر سنگین سوال اٹھائے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ہریانہ میں کانگریس کی یقینی جیت کو ووٹ چوری کے ذریعے شکست میں بدل دیا گیا، اب وہی عمل بہار میں دہرایا جارہا ہے ۔

کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے مبینہ ووٹ چوری کی پہلی مہم میں بھی ہندوستانی انتخابی کمیشن پر سنگین الزام لگائے تھے اور اس عمل کو "ایٹم بم" کا نام دیا گیا تھا، اب دوسری مہم میں مبینہ ووٹ چوری کے الزام کو "ہائیڈروجن بم" کا نام دیا جا رہا ہے۔

راہل گاندھی نے دعویٰ کیا کہ "ہریانہ میں کئی حلقوں میں ووٹنگ کے بعد سی سی ٹی وی فوٹیج غائب کر دیا گیا۔ ریکارڈنگ اس لئےحذف کر دی گئی تاکہ یہ نہ دیکھا جا سکے کہ اصل میں پولنگ اسٹیشن پر کیا ہوا تھا۔" راہل گاندھی نے کہا کہ ان کے پاس اس بات کے تمام ثبوت موجود ہیں اور وہ وقت آنے پر انہیں عوام کے سامنے رکھیں گے۔

راہل گاندھی نے الزام لگایا کہ ہریانہ میں 25 لاکھ ووٹ چوری ہوئے ہیں۔ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے ایک سنسنی خیز انکشاف کرتے ہوئے ایک خاتون کی تصویر دکھائی اور الزام لگایا کہ اس نے ہریانہ کے انتخابات میں 22 بار ووٹ دیا ہے۔

اس کے بعد راہل گاندھی نے وضاحت کی کہ وہ برازیلین ماڈل تھی اور اس کے پاس مختلف جعلی آئی ڈی کارڈ تھے جن کا استعمال کرتے ہوئے اس نے ہریانہ میں 22 مقامات پر اپنا ووٹ ڈالا تھا۔ اس نے سویٹی، رشمی، وملا اور سنیتا جیسے ناموں سے 10 بوتھوں پر ووٹ ڈالا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن جواب دے کہ اس خاتون نے کتنی بار ووٹ ڈالا؟

 

ٹیگس