میڈیا، میدان اور سفارتکاری قومی طاقت کے تین بنیادی ستون: عراقچی
وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے میڈیا، میدان اور سفارتکاری کو ملی طاقت کے تین ستون بتائے اور کہا کہ میڈيا کی صحیح روایت ملکوں کو کامیابی سے ہمکنار کرسکتی ہے۔
سحرنیوز/ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے جمعرت کو ہمدان میں ابلاغیاتی ذرائع اور اخبارات و جرائد کے فیسٹیول کی اختتامی تقریب سے خطاب ميں خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی میں میڈیا کے کردار کو بنیادی اہمیت کا قرار دیا۔انھوں نے کہا کہ میڈیا، میدان اور سفارتکاری قومی طاقت و توانائی کے تین بنیادی ستون ہیں اور اگر ان میں سے کسی بھی ستون کی کارکردگی کمزور ہو تو دو دیگر ستونوں کی کوششیں بے نتیجہ رہیں گی۔
وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے کہا کہ میڈیا کی اہمیت کو وزارت خارجہ دیگر اداروں سے زیادہ سمجھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک کے موقف اور استدلال میڈیا کے ذریعے ہی عوام تک منتقل ہوتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ میڈيا ہے جو شکست کو کامیابی اور کامیابی کو شکست میں تبدیل کرسکتا ہے۔