Nov ۰۶, ۲۰۲۵ ۱۶:۵۸ Asia/Tehran
  • لبنان کی حکومت کے نام حزب اللہ کا کھلا خط

حزب اللہ لبنان نے ملک کے اعلیٰ حکام کے نام ایک مراسلہ ارسال کر کے اپنے ہتھیاروں اور صیہونی دشمن کے ساتھ بالواسطہ مذاکرات کے سلسلے میں اپنے لایحہ عمل کی وضاحت کی ہے۔

لبنان کے المنار ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ لبنان نے صدر جوزف عون، اسپیکر نبیہ بری اور وزیر اعظم نواف سلام کے نام مشترکہ طور پر ایک تفصیلی مراسلہ ارسال کیا ہے۔ حزب اللہ نے اس خط میں قومی مفاہمت، اقتدار اعلیٰ کی حمایت، اور لبنان میں امن و استحکام کے تحفظ کے لیے اپنے قومی موقف کو پیش کرتے ہوئے اسے موجودہ صورتحال میں لبنان کے مفادات کے تحفظ کے لیے ایک مؤثر راہ حل قرار دیا ہے۔

خط میں آیا ہے کہ حقائق اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ لبنان اور حزب اللہ جنگ بندی معاہدے پر سختی سے کاربند ہیں مگر صیہونی دشمن زمین، سمندر اور فضا کے ذریعے اس معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ اگرچہ بعض لوگوں نے حزب اللہ کو غیر مسلح کرنے پر مبنی حکومت کے عجلت پسندانہ فیصلے کو صیہونی دشمن اور اس کے حامیوں کے لیے لبنان کی طرف سے خیر سگالی کے اشارے کے طور پر ظاہر کرنے کی کوشش کی، لیکن دشمن نے لبنانی حکومت کی اس غلطی کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور اپنے جارحانہ اقدامات کی روک تھام کو اس بات سے مشروط کرنے کی کوشش کی کہ پورے لبنان میں مزاحمتی قوت کو غیر مسلح کر دیا جائے جبکہ اس کا ذکر نہ تو جنگ بندی معاہدے شامل ہے اور نہ ہی یہ قابل قبول ہے۔

 

ٹیگس