ہندوستان میں سپریم کورٹ نے سیاسی تنازعات میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ ای ڈی سے کام لئے جانے پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان:ہندوستانی سپریم کورٹ نے ای ڈی سے جڑے دو معاملات کی سماعت کے دوران یہ سخت ریمارکس دیئے ہیں کہ سیاسی لڑائیوں میں ای ڈی کا استعمال نہیں ہونا چاہئے۔
اس رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے چیف جسٹس بی آر گوگوئی نے کرناٹک کے وزیر اعلی سدا رمیہ کی اہلیہ بی ایم پاروتی کو راحت ملنے کے خلاف اپیل اور وکیلوں کو بھیجے گئے سمن کے معاملے کی سماعت کے دوران یہ سوال کیا کہ سیاسی لڑائیوں میں ای ڈی کا استعمال کیوں کیا جارہا ہے؟
انھوں نے کہا کہ " عدالت کو ای ڈی کے حوالے سے سخت تبصرے پر مجبور نہ کیا جائے۔ " چیف جسٹس بی آر گوگوئي اور جسٹس ونود چـندرن کی بینچ نے، کچھ وکیلوں کو اقتصادی جرائم کے معاملات میں ملزمین کو قانونی مشورہ دینے پر ای ڈی کی جانب سے سمن جاری کئے جانے کا از خود نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ ای ڈی سبھی حدیں پار کررہا ہے۔