Aug ۰۵, ۲۰۲۵ ۱۰:۳۱ Asia/Tehran
  • ٹیرف کی دھمکیوں پر ہندوستان کا واضح موقف: وزیر خارجہ کا مؤثر ردعمل

ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر کا کہنا ہے کہ اب دنیا کو چند بڑے ملک نہیں چلاتے، سب کی حصے داری ہونی چاہیے۔ انہوں نے امریکی صدر ٹرمپ کی دھمکی پر کہا کہ ہندوستان دباؤ میں نہیں آئے گا۔

ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے ایک بار پھر دنیا کو بتایا ہے کہ اب وہ پرانا دور نہیں رہا جب دنیا کو چند بڑے ملک چلاتے تھے اور باقی صرف تالیاں بجاتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا ایسی ہونی چاہیے کہ سب کی سنی جائے ، صرف چند خاص ممالک کی نہیں۔

یہ بیان  ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ  ہندوستان پر ٹیرف بڑھانے کی دھمکی دے رہے ہیں ۔ ٹرمپ ، روس سے تیل خریدنے پر بھارت کے خلاف کارروائی کرنے کی بات کر رہے ہیں لیکن ایس جے شنکر کے لہجے سے صاف ہے کہ ہندوستان اب دباؤ میں نہیں آنے والا ہے۔

ہندوستان کے وزیرخارجہ ایس جے شنکر نے کہا کہ ہم پیچیدہ اور غیر یقینی دور میں جی رہے ہیں۔ ہم سب کی اجتماعی خواہش ہے کہ دنیا میں ایک منصفانہ اور نمائندہ نظام ہو، نہ کہ مٹھی بھر ممالک کے زیر تسلط نظام۔ اس خواہش کا اظہار اکثر سیاسی یا معاشی توازن کے حوالے سے کیا جاتا ہے۔

ایس جے شنکر نے کہا کہ ہم مل کر ایک ایسی دنیا چاہتے ہیں جس میں ہر کوئی شریک ہو۔ یہ صرف سیاست یا معیشت کا نہیں ہے، روایات اور ثقافت بھی اس میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ ، روایات بتاتی ہیں کہ ہم کون ہیں۔ جب تک ہمیں اپنی شناخت پر اعتماد نہیں ہوگا، ہم مستقبل کی سمت کا تعین نہیں کر سکیں گے۔

ٹیگس