ایئر انڈیا کی پرواز میں فائر الرٹ، طیارہ دہلی لوٹ آیا، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا
ایئر انڈیا کے مطابق یہ واقعہ فلائٹ AI2913 کے ساتھ پیش آیا۔ ٹیک آف کے فوراً بعد کاک پٹ کرو کو داہنے انجن سے متعلق فائر الرٹ ملا، جس کے بعد فوری طور پر طیارے کو واپس دہلی ہوائی اڈے پر اتار دیا گیا۔
سحرنیوز/ہندوستان: نئی دہلی، 31 اگست دہلی سے اندور جانے والی ایئر انڈیا کی پرواز AI2913 کو اتوار کے روز ٹیک آف کے فوراً بعد دہلی واپس لوٹنا پڑا، جب کاک پٹ کرو کو داہنے انجن سے متعلق فائر الرٹ موصول ہوا۔ ایئرلائن نے تصدیق کی ہے کہ طیارے میں سوار تمام مسافر اور عملہ مکمل طور پر محفوظ ہیں۔
ایئر انڈیا کے ترجمان کے مطابق، جیسے ہی طیارہ فضا میں بلند ہوا، کاک پٹ ٹیم نے اسٹینڈرڈ پروسیجر کے تحت فوری کارروائی کرتے ہوئے انجن کو شٹ ڈاؤن کیا اور طیارے کو بحفاظت دہلی ہوائی اڈے پر اتار لیا گیا۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ طیارے کو فی الحال گراؤنڈ کر دیا گیا ہے اور اس کی مکمل تکنیکی جانچ جاری ہے۔
ایئرلائن نے مسافروں کو ان کی منزل تک پہنچانے کے لیے متبادل پرواز کا انتظام بھی کر دیا ہے، جو جلد ہی اندور کے لیے روانہ ہوگی۔ کمپنی نے واضح کیا ہے کہ پورے آپریشن کے دوران سیفٹی پروٹوکال پر سختی سے عمل کیا گیا اور مسافروں کی سلامتی کو اولین ترجیح دی گئی۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب ایوی ایشن انڈسٹری میں تکنیکی حفاظت کے معیار کو مزید سخت کیا جا رہا ہے۔ ایئر انڈیا نے بتایا کہ اس واقعے کی مکمل تفصیلات ایوی ایشن ریگولیٹر ڈی جی سی اے کو فراہم کر دی گئی ہیں۔