"ہم جنتر منتر سے نہیں ہٹیں گے": کاکروچ جنتا پارٹی کا اعلان
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i454180-ہم_جنتر_منتر_سے_نہیں_ہٹیں_گے_کاکروچ_جنتا_پارٹی_کا_اعلان
ہندوستان کے دارالحکومت دہلی کے جنترمنتر پر دھرنے پر بیٹھے کاکروچ جنتا پارٹی کے حامیوں نے کہا ہے کہ وہ جنتر منتر سے نہیں ہٹیں گے۔
(last modified 2026-07-22T10:02:28+00:00 )
Jul ۲۲, ۲۰۲۶ ۱۳:۳۲ Asia/Tehran

ہندوستان کے دارالحکومت دہلی کے جنترمنتر پر دھرنے پر بیٹھے کاکروچ جنتا پارٹی کے حامیوں نے کہا ہے کہ وہ جنتر منتر سے نہیں ہٹیں گے۔

سحرنیوز/ہندوستان: میڈیا رپورٹ کے مطابق دہلی کے جنتر منتر پردھرنا دے رہے کاکروچ جنتا پارٹی، سی جے پی، اور اس کے حامیوں نے کہا ہے کہ جب تک ان کے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے، دھرنا ختم نہیں ہوگا۔

رپورٹ کے مطابق جنتر منتر پر جاری کاکروچ جنتا پارٹی کے احتجاج نے تیسرے روز مزید شدت اختیار کر لی، ہزاروں طلبا، نوجوان، والدین اور مختلف تنظیموں کے کارکن بدستور احتجاجی مقام پر دکھائی دیئے اور قیادت کا کہنا ہے کہ جب تک حکومت ان کے مطالبات پر عملی فیصلہ نہیں کرتی، دھرنا ختم نہیں کیا جائے گا۔

احتجاجی رہنماؤں نے اعلان کیا کہ وہ جنتر منتر سے اس وقت تک نہیں ہٹیں گے جب تک مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے، امتحانی نظام میں اصلاحات اور طلبا سے متعلق دیگر مطالبات پر حکومت واضح مؤقف اختیار نہیں کرتی۔

ادھر ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک کی بھوک ہڑتال بھی جاری ہے، جسے مختلف سیاسی جماعتوں اور سماجی تنظیموں کی مسلسل حمایت حاصل ہو رہی ہے۔ کانگریس کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے طلبا کے ساتھ ہونے والے سلوک کو ’’غیر جمہوری‘‘ قرار دیا جبکہ کانگریس لیڈر پون کھیڑا نے کہا کہ پوری دنیا دیکھ رہی ہے کہ نوجوانوں کے ساتھ کیا برتاؤ کیا جا رہا ہے۔

عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمان سنجے سنگھ نے بھی تمام سیاسی جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جنتر منتر پہنچ کر احتجاج کی حمایت کریں۔ ترنمول کانگریس کے رہنما کلیان بنرجی نے بھی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ اگر طلبا کی آواز نہیں سنی جائے گی تو پھر کس کی سنی جائے گی؟

ہمیں فالو کریں:  

Follow us: FacebookXinstagram, tiktok  whatsapp channel