ہندوستان: کاکروچ جیت گئے، وزیر تعلیم ہار گئے، استعفیٰ دے دیا
ہندوستان کے مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے باالآخر اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ سی جے پی نے کہا، "کاکروچ جیت گئے۔"
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی ذرائع ابلاغ کی رپورٹ کے مطابق مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان نے استعفیٰ دے دیا ہے۔ نیٹ پی جی 2026 پیپر لیک معاملے میں طلبا دھرمیندر پردھان کے استعفے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ دھرمیندر پردھان نے ایکس پر اپنے استعفے کا اعلان کیا۔
دھرمیندر پردھان نے احتجاجی طلبا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ، "میں چار عشروں سے طلبا، اساتذہ اور تعلیمی اصلاحات کے لیے وقف ہوں۔ میں نے ہمیشہ اس بات پر یقین کیا ہے کہ ایک مضبوط، جامع اور بصیرت والا نظام تعلیم ہی ایک مضبوط ملک کی بنیاد ہے۔"
انھوں نے مزید لکھا کہ "میں وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ مجھے ان کی دور اندیش قیادت میں ملک کی خدمت کرنے کا موقع ملا۔"
دھرمیندرپردھان نے کہا کہ، "3 مئی 2026 کو منعقد ہونے والے نیٹ یوجی امتحان میں بے ضابطگیوں کا پتہ چلا۔ حکومت ہند نے فوری طور پر اس کا نوٹس لیا، جانچ سی بی آئی کو سونپی، امتحان منسوخ کر دیا اور امتحان دوبارہ منعقد کیا گیا۔ اگلے سال سے سی بی ٹی (کمپیوٹر پر مبنی ٹیسٹ) موڈ میں امتحان منعقد کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔"
دریں اثنا وزیر تعلیم کے استعفے کی خبر کے بعد سی جے پی نے ایکس پر اپنے پیغام میں لکھا ہے، "کاکروچ جیت گئے، جمہوریت جیت کئی۔"
واضح رہے کہ گزشتہ ایک مہینے سے جنتر منتر پر کاکروچ جنتا پارٹی، سی جے پی، کی سربراہی میں ہزاروں طلبا نیٹ یوجی 2026 سمیت پیپر لیک کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔ طلبا کا اہم مطالبہ وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کا استعفیٰ تھا۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel