ہندوستان: پارلیمنٹ کے احاطے سے بندروں کو بھگانے کے لیے "انسانی لنگور" تعینات
ہندوستانی پارلیمنٹ کے احاطے سے بندروں کو بھگانے کے لیے لنگور کی آواز نکالنے والے "انسانی لنگوروں" کو تعینات کیا گيا ہے۔
سحرنیوز/ہندوستان: ہندوستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق دارالحکومت دہلی میں پارلیمنٹ کے احاطے میں خصوصی ملازم کے طور پر 4 "انسانی لنگوروں" کو تعینات کیا گیا ہے جو لنگور کی آواز نکال کر بندروں کو بھگاتے ہیں۔ وہ اپنے اس انوکھے انداز سے بندروں کو ڈرا کر بھگانے کا کام کرتے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق پارلیمنٹ کے احاطے میں بڑی تعداد میں بندر اکثر اچھل کود کرتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ بندروں کو دور بھگانے کے لیے پارلیمنٹ کے احاطے میں 4 افراد کی تقرری کی گئی ہے جو پارلیمنٹ کے احاطے میں گھوم گھوم کر لنگور کی آواز نکالتے ہیں اور بندروں کو بھگاتے ہیں۔
لنگور کی آواز نکالنے والے چار افراد میں شامل اسلم خان نے "آج تک" ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں بتایا کہ پارلیمنٹ کے احاطے کے آس پاس 500 سے 1000 تک بندر ہوں گے اور لنگور کی آواز نکال کر ہم انہیں بھگانے کا کام کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ بندر لوگوں کو نقصان پہنچاتے ہیں اور پیڑ پودوں کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔
اسلم خان نے بتایا کہ پہلے بندروں کو بھگانے کے لیے لنگور کو رکھا جاتا تھا لیکن اب اس پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ہمیں پارلیمنٹ میں بندروں کو بھگانے کے لیے کنٹریکٹ پر رکھا گیا ہے۔
پارلیمنٹ کے احاطے میں بندروں کو بھگانے کے لیے 2 طرح کے ملازمین کو رکھا گیا ہے، جس میں ایک زمرہ ہنرمند اور دوسرا غیر ہنرمند ملازمین کا ہے۔ اطلاعات کے مطابق پہلے زمرے کے ملازمین کو 17990 روپے اور دوسرے زمرے کے ملازمین کو 14900 روپے ماہانہ تنخواہ مقرر کی گئی ہے۔
ہمیں فالو کریں:
Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok whatsapp channel