ہندوستان: اعظم خان رِہا ہوتے ہی سرگرم ہوگئے، اویسی کو نشانہ بنایا
https://urdu.sahartv.ir/news/india-i459108-ہندوستان_اعظم_خان_رِہا_ہوتے_ہی_سرگرم_ہوگئے_اویسی_کو_نشانہ_بنایا
سماجوادی پارٹی (ایس پی) کے سینیئرلیڈر اعظم خان نے ای ڈی ، سی بی آئی اور ترقیاتی اداروں کے کام کرنے کے طریقۂ کار پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ملک کے لوگ ان اداروں سے پریشان ہیں۔
(last modified 2026-11-21T14:08:02+00:00 )
Nov ۲۰, ۲۰۲۶ ۱۶:۳۲ Asia/Tehran
  • ہندوستان: اعظم خان رِہا ہوتے ہی سرگرم ہوگئے، اویسی کو نشانہ بنایا

سماجوادی پارٹی (ایس پی) کے سینیئرلیڈر اعظم خان نے ای ڈی ، سی بی آئی اور ترقیاتی اداروں کے کام کرنے کے طریقۂ کار پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ملک کے لوگ ان اداروں سے پریشان ہیں۔

سحرنیوز/ہندوستان: میڈیا رپورٹ کے مطابق اترپردیش کے سابق سینیئر وزیر اور سماجوادی پارٹی کے اہم لیڈر اعظم خان نے جیل سے ضمانت پر رہا ہوتے ہیں سیاسی سرگرمیاں شروع کردی ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ان کے ساتھ زیادتی کی گئی اور جیل میں ان کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیا گیا۔

اعظم خان نے رامپور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے) کو جوہر یونیورسٹی کی عمارتیں گرانے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ اتھارٹی سے اپنا مقدمہ واپس لینے کیلئے کہیں گے اور اسے بلڈوزر چلا کر یونیورسٹی کی تمام عمارتیں گرا دینے کو کہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اب الیکشن ذات پات یا مذہب پر نہیں بلکہ ایشوز پر لڑا جائے گا۔

اعظم خان نے اپنے مخصوص انداز میں کہا کہ الیکشن نہیں ہوں گے، انقلاب آئے گا، تبدیلی نہیں آئے گی، سیلاب آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک آزاد ہے لیکن آئین کو قید کرلیاگیا ہے۔

اس دوران انہو ں نے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے صدر اور حیدرآباد کے رکن پارلیمان اسدالدین اویسی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ مولانا نہیں بلکہ بیرسٹر ہیں۔ داڑھی رکھنے سے کوئی مولانا نہیں بن جاتا اور نہ ہی کوئی سادھو بن جاتا ہے۔ اعظم خان نے کہا کہ جب اویسی رامپور آئے تھے تو ان کا گھر صرف چار قدم کے فاصلے پر تھا۔ وہ ان کے گھر آ سکتے تھے، فون کر سکتے تھے یا ان کی اہلیہ کی خیریت دریافت کر سکتے تھے، لیکن انہوں نے ان کیلئے دعا کرنے کے بجائے ان کے دشمنوں کے لیے دوا کا کام کیا۔

اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کا نام لیے بغیر ریاستی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے اعظم خان نے کہا کہ الفاظ اور عہدے کا ایک وقار ہونا چاہیے۔ شرافت اور تہذیب کا خیال رکھتے ہوئے ایسے الفاظ استعمال نہیں کیے جانے چاہئیں جن سے وقار مجروح ہو۔ ان کا اشارہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے حالیہ بیان کی طرف تھا۔

ہمیں فالو کریں:

Follow us: Facebook, X, instagram, tiktok  whatsapp channel