دشمن کی سازشوں کے مقابلے میں ہوشیاری کی ضرورت ہے: رہبر انقلاب اسلامی
Aug ۲۶, ۲۰۱۵ ۱۸:۳۵ Asia/Tehran
رہبر انقلاب اسلامی نے دشمنوں کی سازشوں کے مقابلے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے عوام اور حکام کی ہوشیاری کی ضرورت پر زور دیا ہے-
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے بدھ کے روز ہفتہ حکومت کی مناسبت سے صدر حسن روحانی اور ان کی کابینہ کے ارکان سے ملاقات میں ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے ایٹمی مذاکرات کو اہم قرار دیتے ہوئے فرمایا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ایران میں رخنہ اندازی اور دراندازی کرنے کی دشمنوں کی سازشوں کے مقابلے میں ہوشیاری کا مظاہرہ کیا جائے- رہبر انقلاب اسلامی نے انقلاب اور ایران کے دشمنوں کی جاری عداوتوں اور دشمنیوں پر توجہ کم ہوجانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا کہ عوام کے اتحاد کو زیادہ سے زیادہ مستحکم بنایا جائے اور اختلافی باتوں سے پرہیز کیا جائے-
آپ نے فرمایا کہ اسلامی انقلاب کی کامیابی سے اب تک امریکیوں اور صہیونیوں کی دشمنی انقلاب اور ایران سے کم نہیں ہوئی ہے اور حکام اس حقیقت کو کسی بھی صورت میں فراموش نہ کریں-
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ ممکن ہے کہ دشمنوں کی دشمنی کی روش اوراسلامی انقلاب کو نقصان پہنچانے کا طریقہ نیا ہوگیا ہو لیکن سبھی سیاسی، ثقافتی اور اقتصادی حکام کو اس بات پر توجہ دینی ہوگی کہ وہ دشمنوں کی چال میں نہ آئیں-
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی خامنہ ای نے فرمایا کہ دشمنوں کے مقاصد ان کی تقریروں اور تحریروں میں نمایاں ہیں اور کسی کو یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ ہر قسم کے ہتھیاروں سے لیس دشمن کا محاذ ایران اور ایرانی عوام کے مقابلے میں کھڑا ہوا ہے-
آپ نے فرمایا کہ اسلامی انقلاب کے موقف کو دوٹوک اور بلا جھجھک بیان کرنے کی ضرورت ہے-
رہبر انقلاب اسلامی نے شہید صدرمحمد علی رجائی اور شہید وزیراعظم جواد باہنر کی شہادت کے ایام کو ہفتہ حکومت کے نام سے منسوب کئے جانے کے فلسفے کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ اس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ ان دونوں عظیم شہدا کے نظریاتی اور فکری معیارات آج بھی زندہ و پائندہ ہیں-
az26082015