شام اور یمن کا بحران جمہوری طریقے سے حل کیا جاسکتا ہے۔ اسپیکر علی لاریجانی
Aug ۲۹, ۲۰۱۵ ۰۸:۱۷ Asia/Tehran
اسلامی جمہوریہ ایران کی مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر نے کہا ہے یمن اور شام کا مسئلہ جمہوری طریقے سے قابل حل ہے-
ارنا کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا ہے کہ شام اور یمن کا مسئلہ جمہوری طریقے سے حل کیا جاسکتا ہے بشرطیکہ اس مسئلے کو بیرونی مسئلہ نہ بنایا جائے- انہوں نے یہ بات نیویارک کے دورے سے قبل امام خمینی ایئر پورٹ پر نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی-ڈاکٹر علی لاریجانی ہفتے کی صبح کو عالمی بین پارلیمانی یونین کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے لئے نیویارک روانہ ہوئے ہیں- ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا کہ جو ممالک یمن اور شام کے مسائل حل کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں وہ ان ملکوں کے مسائل کے حل کے لئے قوموں کے مطالبات کی تکمیل کے لئے حالات سازگار بنائیں۔
ڈاکٹر لاریجانی نے کہا کہ بعض طاقتور ملکوں نے یمن اور شام کے مسائل کے حل کے لئے راہ حل پیش کی ہیں تاہم اس میں قوموں کے مطالبات کو نظر انداز کیا گیا ہے اور میرے خیال میں اس طرح کے اقدامات ناکافی ہیں-
ایران کی مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر نے کہا کہ ہر ملک کے عوام کو حکومت کے تعین کا حق حاصل ہے اور اس سلسلے میں ایران صرف ہمہ گیر اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ عالمی بین پارلیمانی یونین کا سربراہی اجلاس باہمی تعاون اور مذاکرات کے لئے اعلی ترین سطح کا منفرد اجلاس ہے۔ یہ اجلاس عالمی بین پارلیمانی یونین (آئی پی یو) کے توسط سے منعقد ہوتا ہے-