الجزائر کے صدر سے ایران کے وزیر خارجہ کی ملاقات
Sep ۰۲, ۲۰۱۵ ۰۸:۳۹ Asia/Tehran
ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ ایران اور الجزائر نے اسٹریٹیجک تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا ہے-
ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے جو الجزیرہ کے دورے پر ہیں منگل کے روز صدر عبدالعزیز بوتفلیقہ کے ساتھ ملاقات کے بعد ایک پریس بیان میں کہا کہ صدر بوتفلیقہ کے ساتھ ملاقات میں مختلف شعبوں میں ایران اور الجزائر کے تعلقات میں توسیع کی راہوں کا جائزہ لیا گیا۔ہمارے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق جواد ظریف نے کہا کہ ترقی پذیر ملکوں کی جانب سے پرامن ایٹمی توانائی کے استعمال کے حق کے بارے میں ایران اور الجزائر کا موقف ایک ہے- جواد ظریف نے ایران کے پرامن ایٹمی پروگرام سے متعلق الجزائر کی حکومت اور عوام کی حمایت کو سراہا -
جواد ظریف اور صدر بوتفلیقہ نے اس ملاقات میں عرب ملکوں خاص طور پر شام اور یمن میں امن کی بحالی کے لئے انجام پانے والی کوششوں کا بھی جائزہ لیا- جواد ظریف نے کہا کہ ایران اور الجزائر، علاقے اور بین الاقوامی تبدیلیوں کے بارے میں مشترکہ موقف رکھتے ہیں اور شام اور یمن میں کسی بیرونی مداخلت کے بغیر جھڑپوں اور تشدد کا سلسلہ بند کئے جانے کے لئے سیاسی راہ حل کی ضرورت پر تاکید کرتے ہیں-
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ الجزائر کے صدر نے بھی اس ملاقات میں شام اور یمن کے بحران کے حل کے لئے عملی اقدامات انجام پانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ایران بھی الجزائر کےاس دانشمندانہ موقف کی حمایت کرتا ہے-
واضح رہے کہ ایران کے وزیر خارجہ منگل کے روز ایک اعلی رتبہ وفد کے ہمراہ دو روزہ دورے پر الجزائر پہنچے-