ستمبر کے آخر تک جامع مشترکہ ایکشن پلان کا جائزہ مکمل ہو جائے گا : لاریجانی
Sep ۰۵, ۲۰۱۵ ۰۸:۰۷ Asia/Tehran
اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر نے کہا ہے کہ مختلف پارلیمانی کمیشنوں میں جامع مشترکہ ایکشن پلان کے جائزے کا کام ستمبر کے آخر تک مکمل ہو جائے گا۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے نیویارک سے واپسی پر جامع مشترکہ ایکشن پلان کا بغور جائزہ لیئے جانے اور اکتوبر کے شروع میں پارلیمنٹ میں پیش کئے جانے کی خبر دی -ڈاکٹر علی لاریجانی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ رہبر انقلاب اسلامی نے تاکید کی ہے کہ جامع مشترکہ ایکشن پلان کا مختلف اداروں میں جائزہ لیا جائے اور اس سلسلے میں نقطہ نظر پیش کیا جائے، کہا کہ کافی پہلے ہی پارلیمنٹ میں جامع مشترکہ ایکشن پلان کا جائزہ لینے کے لئے خصوصی کمیشن کی منظوری دی جا چکی ہے-
علی لاریجانی نے کہا کہ پروگرام کے مطابق ستمبر کے آخر تک مختلف کمیشنوں میں جامع مشترکہ ایکشن پلان کے جائزے کا کام مکمل ہو جائے گا - انھوں نے کہا کہ جامع مشترکہ ایکشن پلان کے جائزے کا کام مکمل ہونے کے بعد اسے پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا اور پھر اراکین پارلیمنٹ اس کے بارے میں اپنے موقف کا اعلان کریں گے-
ڈاکٹر لاریجانی نے اپنے دورہ نیویارک کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے عالمی بین پارلیمانی یونین کے چوتھے اجلاس میں دنیا کی بیس پارلیمانوں کے اسپیکروں سے گفتگو کی-
علی لاریجانی نے کہا کہ عالمی بین پارلیمانی یونین کے اجلاس میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے ایٹمی مسئلے اور علاقائی مسائل کے بارے میں گفتگو ہوئی- انھوں نے امید ظاہر کی کہ دنیا کے مختلف ممالک کے ساتھ اشتراک عمل اور گفتگو سے علاقے کے بعض اہم مسائل بالخصوص تکفیری داعش دہشت گرد کے مسئلے سے نمٹنے کی زمین ہموار ہو گی اور مشرق وسطی میں پائدار امن قائم ہو جائے گا-