ایران: اصفہان میں فدائیان حریم ولایت فوجی مشقیں اختتام پذیر
Sep ۰۶, ۲۰۱۵ ۱۶:۲۵ Asia/Tehran
اسلامی جمہوریہ ایران کی فضائیہ کی فدائیان حریم ولایت نامی فوجی مشقوں کے ترجمان نے کہا ہے کہ اصفہان کے انارک علاقے میں پانچویں فدائیان حریم ولایت مشقیں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئی ہیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی فضائیہ کی فدائیان حریم ولایت نامی فوجی مشقوں کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل پائلٹ مسعود روز خوش نے اتوار کے دن تسنیم خبر رساں ایجنسی کے ساتھ گفتگو کے دوران کہا کہ فدائیان حریم ولایت فوجی مشقیں اپنے مطلوبہ اہداف کے حصول اور قوی اور کمزور نقاط کی شناخت کے بعد اپنے اختتام کو پہنچ گئی ہیں۔ انھوں نے ان فوجی مشقوں کے ثمرات کے بارے میں کہا کہ ان فوجی مشقوں کے دوران فضائیہ کے طیاروں نے کامیابی کے ساتھ اپنے اہداف کو نشانہ بنایا اور اصفہان میں اپنے مرکز پر واپس لوٹ آئے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی فضائیہ کی فدائیان حریم ولایت نامی فوجی مشقوں کے ترجمان بریگیڈیئرجنرل پائلٹ مسعود روز خوش نے مزید کہا کہ ان فوجی مشقوں کے دوران کیمیاوی ہتھیاروں کے حملے کا مقابلہ کیا گیا، محاذ جنگ پر فوجی ساز و سامان اور پیرا شوٹ کے ذریعے فوجیوں کو کامیابی سے اتارا گیا-
واضح رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی فضائیہ کی پانچویں فدائیان حریم ولایت نامی فوجی مشقوں کا آغاز ہفتے کے دن اصفہان میں ہوا تھا اور اتوار کے دن بریگیڈیئر جنرل برخور کی جانب سے اختتام کے اعلان کے ساتھ ہی یہ مشقیں اپنے اختتام کو پہنچ گئیں۔