حماس کی طرف سے غزہ میں جنگ بندی اور قابض افواج کی پسپائی کے معاہدے کا اعلان
فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں غزہ میں جنگ کے خاتمے اور قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کا اعلان کیا گیا ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام: ارنا کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے ایک بیان جاری کرکے اعلان کیا ہے کہ شرم الشیخ میں امریکی صدر کی تجویز کے بارے میں ہونے والے تحریک حماس اور دیگر مزاحمتی تنظیموں کے مذاکرات میں فلسطینی عوام کی نسل کشی کی جنگ ختم کرنے اور غزہ سے غاصب افواج کی پسپائی کے مقصد کے معاہدے پر اتفاق ہوگیا ہے۔
حماس کے بیان میں کہا گيا ہے کہ "ہم قطر، مصر اور ترکیہ کے براداران کی ثالثی کی کوشش کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور غزہ میں جنگ بندکرانے اور غزہ سے قابض افواج کے انخلا کے لئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کوششوں کی قدردانی بھی کرتے ہیں۔
حماس کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہم اعلان کرتے ہیں کہ ہمارے عوام کی فداکاریاں رائیگاں نہیں جائيں گی، ہم اپنے عہد پر قائم رہیں گے اور مکمل آزادی اور حق خود ارادیت مل جانے تک اپنے قومی حقوق کے لئے جد و جہد جاری رکھیں گے۔