ایران اور آسٹریا کے وزرائے اقتصادیات کی ملاقات
Sep ۰۹, ۲۰۱۵ ۱۱:۲۰ Asia/Tehran
اسلامی جمہوریہ ایران اور آسٹریا کے وزرائے اقتصادیات نے پابندیوں کے خاتمے کے بعد باہمی تعاون کے فروغ کی راہوں کا جائزہ لیا ۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق ایران کے وزیر اقتصادیات علی طیب نیا نے بدھ کو تہران میں آسٹریا کے وزیر اقتصادیات سے ملاقات میں کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات ہمیشہ اچھے اور دوستانہ رہے ہیں - ایران کے وزیر اقتصادیات نے کہا کہ نئے حالات میں ایران اور آسٹریا کے درمیان مختلف میدانوں میں اقتصادی تعاون کے فروغ کے مواقع فراہم ہوں گے -اس ملاقات میں آسٹریا کے وزیر اقتصادیات رین ہولڈ مٹرلینر(Reinhold Mitterlehner) نے ایران اور آسٹریا کے تاریخی تعلقات کو نہایت بہتر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ویانا ایٹمی سمجھوتے کے بعد اب وقت آگیا ہے کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے تعاون سے روشن مستقبل تعمیر کریں - قابل ذکر ہے کہ آسٹریا کے صدر ہاینس فیشر پیر کو ایک اعلی سطحی اقتصادی و سیاسی وفد کے ہمراہ تہران پہنچے تھے - ہاینس فیشر نے منگل کو ایران اور آسٹریا کے اقتصادی و تجارتی اجلاس میں کہا کہ ایران کے ساتھ اقتصادی ، ثقافتی اور سائنسی تعاون کو فروغ دینے کی زمین ہموار ہو چکی ہے - ایران اور آسٹریا تجارتی اجلاس میں آسٹریا کی دو سو چالیس اقتصادی ، صنعتی اور تجارتی کمپنیوں نے اپنے ایرانی ہم منصبوں کے ساتھ مذاکرات انجام دیے - اجلاس کے اختتام پر تینتیس میدانوں میں ایران اور آسٹریا کی کمپنیوں کے درمیان تعاون کے سمجھوتوں پر دستخط ہوئے -