ناوابستہ تحریک کی جانب سے ایٹمی پروگرام کی حمایت
Sep ۱۰, ۲۰۱۵ ۰۸:۳۴ Asia/Tehran
ناوابستہ تحریک نے ایک بیان جاری کر کے اسلامی جمہوریہ ایران کے یورینیئم افزودگی کے حق سمیت ایٹمی پروگرام کی حمایت کا اعلان کیا ہے-
ایٹمی انرجی کی عالمی ایجنسی میں ایران کے مستقل نمائندے رضا نجفی نے آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں ناوابستہ تحریک کا بیان پڑھ کر سنایا-اس بیان میں ناوابستہ تحریک کے اس اصولی موقف پر تاکید کی گئی ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کو یورینیئم کی افزودگی اور دوسرے ممالک کو بھی بلا امتیاز پرامن ایٹمی انرجی سے استفادے کا حق حاصل ہے -
ناوابستہ تحریک کے بیان میں جامع مشترکہ ایکشن پلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس تحریک کا خیال ہے کہ گروپ پانچ جمع ایک کے ساتھ ہونے والا ایٹمی سمجھوتہ ایران کے ایٹمی مسئلے کے حل میں معاون ثابت ہوگا-
ناوابستہ تحریک نے اپنے بیان میں ممالک کو اس مقصد کے حصول میں مثبت کردار ادا کرنے کی ترغیب دلائی ہے اور باقی ماندہ مسائل کے حل کے لئے ایران و آئی اے ای اے کے درمیان روڈ میپ کا خیر مقدم کیا ہے-