اقوام متحدہ کو دنیا میں امن کی ثقافت رائج کرنے کی کوشش کرنی چاہئے-
Sep ۱۰, ۲۰۱۵ ۱۱:۱۰ Asia/Tehran
-
اقوام متحدہ کو دنیا میں امن کی ثقافت رائج کرنے کی کوشش کرنی چاہئے-
اقوام متحدہ میں ایران کے نمائندے نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کو دنیا میں امن کی ثقافت رائج کرنے کے لئے اپنی توانائیاں بروئے کار لانا چاہئين۔
اقوام متحدہ میں ایران کے نمائندے غلام علی خوش رو نے بدھ کو جنرل اسمبلی کے اجلاس میں تقریر کرتے ہوئے موجودہ دور میں امن و سلامتی کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ عالمی ادارہ دنیا کے ملکوں اور سول سوسائٹیوں کے تعاون سے دنیا میں امن کی ترویج کے لئے لازمی اقدامات عمل میں لائے گا۔ اقوام متحدہ میں ایران کے نمائندے نے علاقے میں انتہاپسند عناصر کہ جو امن کو اپنے افکار کا مخالف سمجھتے ہیں اور اس کے خلاف ہیں، کے اقدامات کی جانب اشارہ کیا اور انھیں علاقے کے عوام کے مسائل و مشکلات کا باعث قرار دیا اور کہا کہ انتہاپسند عناصر کے اقدامات ، علاقے اور علاقے سے باہر کی بعض طاقتوں کی مدد سے انجام پا رہے ہیں-
غلام علی خوش رو نے کہا کہ آج بھی بعض طاقتور ممالک میں یہ خیال خام موجود ہے کہ ہر مسئلے کو دھونس دھمکیوں، پابندیوں اور جنگ کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے- اقوام متحدہ میں ایران کے نمائندے نے تاکید کے ساتھ کہا کہ اس وقت عالمی معاشرے کو جنگ کے خوف ناک عفریت سے نکل کر امن و دوستی کی حسین ثقافت کی جانب قدم بڑھانا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کو آج ایک امن پسند،ترقی یافتہ اور آزاد انسانی معاشرے کی تشکیل کے لئے عام تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کو ترک کرکے امن کی حیات آفریں ثقافت اختیار کرنے کی ضرورت ہے-
غلام علی خوش رو نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ جنگ دنیا میں، بدامنی، نا انصافی، ظلم و جور اور پسماندگی کا سبب ہے کہا کہ جنگ پسندوں کو اس ذہنی اور فکری بلوغ تک پہنچنا چاہئے کہ تعلیم و تربیت، ماحولیات اور پائدار ترقی جیسی اصلی انسانی ضروریات پوری کرکے ہی دنیا میں امن و محبت کے قیام میں مدد کی جا سکتی ہے-