Sep ۱۱, ۲۰۱۵ ۱۱:۴۱ Asia/Tehran
  • آئی اے ای اے میں ایران کے مندوب رضا نجفی (فائل فوٹو)
    آئی اے ای اے میں ایران کے مندوب رضا نجفی (فائل فوٹو)

جوہری توانائی کی عالمی ایجنسی میں ایران کے نمائندے نے صیہونی حکومت کے ایٹمی ہتھیاروں کے خطرات کے بارے میں خبردار کیا ہے

ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی میں ایران کے نمائندے رضا نجفی نے کہا ہے کہ اسرائیل کے ایٹمی ہتھیار خطے کی سلامتی کے لئے سنگین خطرہ ہیں-


ویانا میں ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کے بعد ہمارے نمائندے سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مشرق وسطی میں سیف گارڈ کےمعاہدے پر عملدر آمد کا مسئلہ جمعرات کے اجلاس کا اہم ایجنڈا تھا- انہوں نے کہا کہ اس مسئلے پر آئی اے ای اے کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں جو آئندہ ہونے والا ہے بحث ہوگی اور اس پر ووٹنگ کرائی جائے گی-


انہوں نے کہا کہ ایران نے ناوابستہ تحریک کے سربراہ کی حیثیت سے اس بارے میں ایک بیان بھی پڑھ کر سنایا ہے- اس بیان میں کہا گیا ہے کہ مشرق وسطی کے سبھی ممالک نے این پی ٹی پر دستخط کئے ہیں اور سیف گارڈ معاہدے کی پابندی کر رہے ہیں جبکہ صرف صیہونی حکومت ہی ایک ایسی حکومت ہے جس نے نہ تو این پی ٹی معاہدے پر دستخط کئے ہیں اور نہ ہی اس کی ایٹمی تنصیبات پر آئی اے کی کوئی نگرانی ہے۔


واضح رہے کہ ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس چار دنوں تک بحث و مباحثے کے بعد جمعرات کی شام ختم ہو گیا-

ٹیگس