ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری سے عراقی پارلیمنٹ کے اسپیکر کی ملاقات
Sep ۱۳, ۲۰۱۵ ۰۸:۲۲ Asia/Tehran
-
ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری سے عراقی پارلیمنٹ کے اسپیکر کی ملاقات
ایران کی قومی سلامتی کی اعلی کونسل کے سیکریٹری نے کہا ہے کہ مغرب داعش کے خلاف جنگ میں سنجیدہ نہیں ہے۔
ہمارے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق ایران کی قومی سلامتی کی اعلی کونسل کے سیکریٹری علی شمخانی نے عراقی پارلمینٹ کے اسپیکر سلیم الجبوری کے ساتھ ملاقات میں کہا ہے کہ داعش کے خلاف جنگ میں مغربی ملکوں کے اتحاد کا غیر سنجیدہ ہونا ہی، پناہ گزینوں کا بحران وجود میں آنے کا اصلی سبب ہے-ایران کی قومی سلامتی کی اعلی کونسل کے سیکریٹری نے کہا کہ آج شام اور عراق کے پناہ گزین بڑی تعداد میں مغربی ملکوں کا رخ کر رہے ہیں اور اس مسئلے نے عالمی رائے عامہ کے سامنے، ماضی سے زیادہ شام اور عراق کے عوام کی مظلومیت کو برملا کردیا ہے- انہوں نے امید ظاہر کی کہ عراق کو آخر کار دہشت گردی سے پیدا ہونے والے بحران پر کامیابی حاصل ہوگی اور یہ ملک روز افزوں ترقی و پیشرفت کے ذریعے، اپنی علاقائی پوزیشن کو دوبارہ حاصل کرلے گا-
عراقی پارلیمنٹ کے اسپیکر سلیم الجبوری نے بھی اس ملاقات میں عراقی حکومت اور عوام کی مسلسل حمایت جاری رکھنے پر اسلامی جمہوریہ ایران کا شکریہ ادا کیا اور دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعاون اور تعلقات کے فروغ کی ضرورت پر تاکید کی- انہوں نے علاقے میں امن و استحکام کے قیام میں ایران کے مرکزی کردار کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ایران کے ساتھ اپنے تعلقات میں توسیع کے ذریعے علاقائی استحکام اور عراق میں اقتصادی ترقی کو فروغ دیں-