Sep ۱۵, ۲۰۱۵ ۱۴:۴۳ Asia/Tehran
  • صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی
    صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا ہے کہ کوئی بھی طاقت ایران کے بارے میں فیصلہ نہیں کرسکتی۔

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے منگل کے روز سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈروں اور اعلی عہدیداروں کے ملک گیر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملت ایران نے اسلامی جمہوری نظام اور رہبر انقلاب اسلامی کی ہدایات کے سائے میں اتحاد و یکجہتی کے ساتھ ہمیشہ کامیابی حاصل کی ہے اور دشمن کو شکست اور پسپائی اختیار کرنے پر مجبور کیا ہے-

انہوں نے کہا کہ آج کسی بھی طاقت میں اتنی توانائی نہیں ہے کہ ایران کے اسلامی جمہوری نظام کے لئے راستے کا تعین کرے کیونکہ ملت ایران اس اقدام کی ہرگز اجازت نہیں دے گی-

صدر مملکت نے کہا کہ سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی اور ایران کی دیگر مسلح افواج، اسلامی انقلاب اور اس کے ثمرات کی حفاظت کے ساتھ ساتھ ملک کی آزادی و خودمختاری اور ارضی سالمیت کے تحفظ کی عظیم اور سنگین ذمہ داریاں پوری تندہی کے ساتھ نبھارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ" آج اسلامی جمہوریہ ایران دنیا کا مکمل آزاد و خود مختار ملک ہے۔"
صدر کا کہنا تھا کہ اس آزادی و خود مختاری کا مطلب یہ ہے کہ ایران اپنے اور دیگر مسلمان ممالک کے مفادات کی تکمیل اور علاقائی سطح پر مختلف میدانوں میں فعال کردار ادا کرنے کے قابل ہے۔

ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ ایران میں اتحاد، منطق، آزادی و خود مختاری اور سفارتی و سیاسی طاقت کے ذریعے عالمی میدان میں ظالمانہ پابندیوں کو شکست دینے کی توانائی موجود ہے-

انہوں نے ایران پر عراق کی مسلط کردہ آٹھ سالہ جنگ کے دوران سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی اور ایرانی فوج کی شجاعت ، بہادری اور فداکاری کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ جس چیز نے عظیم ایرانی قوم کو کامیابی سے ہمکنار کیا وہ اس قوم کا ایمان اور اس کی شجاعت و استقامت تھی۔

ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ اسلامی انقلاب اور اسلامی نظام کی نابودی کے خواب دیکھنے والے دشمن جان لیں کہ ان کی یہ خواہش کبھی بھی پوری نہیں ہوگی-

صدر مملکت نے علاقائی تشدد اور جنگ و جدل کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران یمن، عراق، شام، لبنان، بحرین، افغانستان، پاکستان اور شمالی افریقہ کے دیگر اسلامی ملکوں میں ہونے والے بے رحمانہ قتل عام کے سلسلے میں لاتعلق نہیں رہے گا-

ٹیگس