Sep ۱۸, ۲۰۱۵ ۱۸:۳۸ Asia/Tehran
  • مسجدالاقصی کی حمایت میں ایرانی عوام کے مظاہرے

اسلامی جمہوریہ ایران کے مختلف شہروں میں جمعے کے دن مسجد الاقصی کی حمایت میں مظاہرے ہوئے-

ہمارے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق ایران کے مختلف علاقوں اور دارالحکومت تہران میں نمازیوں نے نماز جمعہ کے بعد، مسجد الاقصی پر صیہونی حکومت کے حملوں اور اس کی اہانت کرنے کے خلاف مظاہرے کئے ہیں-

تہرانی نمازیوں نے امریکہ مردہ باد اور اسرائیل مردہ باد کے نعرے لگائے اور صیہونی حکومت کی جارحانہ کاروائیوں کے خلاف بعض عرب ملکوں کی خاموشی کی مذمت کی- ایران کے مقدس شہر مشہد کے عوام نے بھی نماز جمعہ کے بعد امریکہ مردہ باد، اسرائیل مردہ باد کے نعرے لگائے اورمسجد الاقصی میں صیہونی حکومت کی جارحیت کی مذمت کی اور صیہونی جارحین کے خلاف نعرے لگا کر ان سے اپنی نفرت و بیزاری کا اعلان کیا- در ایں اثنا قم المقدسہ کے عوام نے بھی مظاہرہ کیا اور بیت المقدس اور مسجدالاقصی کے خلاف صیہونی حکومت کی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے اس غاصب حکومت کے جارحانہ اقدامات کے خلاف عالمی برادری کی خاموشی کی مذمت کی-

اسی طرح ایران کے دیگر صوبوں منجملہ یزد، فارس، اردبیل، خراسان جنوبی، مازندران، کرمانشاہ اور قزوین میں بھی عوام نے وسیع پیمانے پر مظاہرے کئے اور غاصب صیہونی حکومت کی مذمت اور مسجدالاقصی کی حمایت میں نعرے لگائے- واضح رہے کہ گذشتہ چھے دنوں سے مسجد الاقصی کے خلاف صیہونیوں کے حملوں میں اب تک سو سے زائد فلسطینی زخمی ہوئے ہیں اور اسرائیلی فوجیوں نے متعدد فلسطینیوں کو گرفتار بھی کر لیا ہے-

ٹیگس