Sep ۱۹, ۲۰۱۵ ۲۱:۴۸ Asia/Tehran
  •  صنعا میں عمان کے سفیر کی رہائشگاہ پر حملہ قابل مذمت ہے: ایران

اسلامی جمہوریہ ایران نے یمن کے دارالحکومت صنعا میں عمان کے سفیر کی رہائشگاہ پر ہونے والے حملے کی مذمت کی ہے-

اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کی ترجمان مرضیہ افخم نے یمن کے دارالحکومت صنعا میں عمان کے سفیر کی رہائشگاہ پر حملے کو سفارتی مقامات کے تحفظ سے متعلق بین الاقوامی قوانین کے منافی قرار دیا ہے-

مرضیہ افخم نے ہفتے کے روز سعودی حکومت اور اس کے اتحادیوں کے ہوائی حملے میں صنعا میں عمان کے سفیر کی رہائشگاہ پر ہونے والے حملے کی مذمت کرتے ہوئے عالمی اداروں خاص طور پر اقوام متحدہ سے درخواست کی ہے کہ وہ یمن میں جنگ روکنے اور ممنوعہ اہداف منجملہ سفارتی مقامات اور عام شہریوں کے رہائشی علاقوں کو نشانہ بنائے جانے کے خلاف فوری اقدام کرے-

ایران کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ یمن کے بحران میں عمان کے تعمیری کردار کو بارہا مختلف تنظیموں اور عالمی برادری نے سراہا ہے اور سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں نے اپنے بغض و عناد اور ناقابل جواز اقدامات کے ذریعے ثابت کردیا کہ وہ عمان جیسے ملک کے انسان دوستانہ اقدامات کو بھی برداشت نہیں کر رہا ہے جبکہ عمان، اقوام متحدہ اور عالمی ریڈ کراس کمیٹی کی مکمل ہم آہنگی سے یمن میں کسی حد تک انسانی المیے کی روک تھام کی کوشش میں مصروف ہے-

واضح رہے کہ سعودی لڑاکا طیاروں نے جمعے کی رات یمن کے دارالحکومت صنعا میں عمان کے سفیر کی رہائشگاہ پر حملہ کیا ہے- عمان، علاقے کا واحد وہ عرب ملک ہے کہ جس نے یمن کے خلاف آل سعود کی جارحانہ کاروائیوں میں حصہ نہیں لیا ہے-

ٹیگس