مسجدالاقصی میں صیہونی حکومت کے جرائم کی مذمت
Sep ۲۰, ۲۰۱۵ ۲۰:۱۰ Asia/Tehran
اسلامی جمہوریہ ایران کے بزرگ مرجع تقلید آیت الله ناصر مکارم شیرازی نے مسجدالاقصی میں صیہونی حکومت کے جرائم کی مذمت کی ہے۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے بزرگ مرجع تقلید آیت اللہ ناصر مکارم شیرازی نے قم المقدسہ میں ایک بیان جاری کیا۔ اس بیان میں تاکید کئی گئی ہے کہ دنیا بھر کے مسلمان فلسطینیوں کا ساتھ دیں اور وہ صیہونیوں کو مسلمانوں کے قبلہ اول مسجد الاقصی پر قبضہ کرنے کی اجازت نہ دیں۔ آیت الله ناصر مکارم شیرازی کے بیان میں مزید آیا ہے کہ مسلمانوں اور یہودیوں کے درمیان مسجدالاقصی کی زمانی اور مکانی تقسیم اور اس کے بعد نمازیوں پر وحشیانہ حملے ایک بہت بڑے المیے میں تبدیل ہو چکے ہیں۔اس بیان میں صہیونیوں کے ہاتھوں فلسطینیوں کے زخمی اور گرفتار ہونے کی جانب اشارہ کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ تمام مسلمانوں، علمائے کرام، سیاستدانوں اور جوانوں کو اپنی ذمےداریوں پر عمل کرتے ہوئے ہر ممکن طریقے سے فلسطینی جوانوں کی مدد اور المیہ رونما ہونے کی روک تھام کرنی چاہئے۔ آیت اللہ ناصر مکارم شیرازی نے حقیقی دشمن سے آگاہ ہونے پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کو یہ جان لینا چاہئے کہ صیہونی حکومت، صرف فلسطینی عوام اور ایران کی ہی دشمن نہیں ہے بلکہ جب بھی اس حکومت کو موقع ملا یہ حکومت، تمام اسلامی ممالک پر قبضہ کر لے گی اور ان کے تمام مقدسات کو تباہ و برباد کر دے گی۔
آیت الله ناصر مکارم شیرازی نے مسجد الاقصی کے خلاف صیہونی حکومت کی جارحیت پر صیہونیوں کے حامیوں کی خاموشی پر تنقید کی اور کہا کہ صیہونیوں کے حامیوں نے اسلامی ممالک کے وسط میں یہ ناجائز حکومت قائم کی تاکہ مسلمانوں کو کمزور اور ان کے ذخائر کی لوٹ مار کر سکیں۔