بدامنی اوردہشت گردی میں اضافہ خطے میں امریکہ کی مداخلت کا نتیجہ ہے: علی شمخانی
Sep ۲۱, ۲۰۱۵ ۱۳:۱۰ Asia/Tehran
اسلامی جمہوریہ ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری نے کہا ہے کہ خطے میں مغرب خاص طورپرامریکہ کی غیراصولی مداخلت سے ظاہرہوگیا ہے کہ یہ مسئلہ بدامنی میں اضافے اوردہشت گردی کے پھیلنے کا باعث بنا ہے-
ایران کی اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری علی شمخانی نے پیرکے روزتہران میں ہالینڈ کے وزیرخارجہ البرٹ کوئنڈرس سے ملاقات میں کہا کہ دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے خطرات کا حقیقی مقابلہ کرنے کے لیے تمام ملکوں خاص طورپرشام اورعراق کے اقتداراعلی کا احترام کرنے کی ضرورت ہے- انھوں نے پناہ گزینوں کے بحران کوحل کرنے اور بدامنی کا شکارملکوں میں امن واستحکام قائم کرنے کی کوشش کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہا کہ امن قائم کرنے اور انتہاپسند گروہوں کے خطرات کو دورکرنے کے لیے دہشت گردی کا شکارملکوں میں قانونی حکومتوں کے ساتھ ضروری تعاون کیا جانا چاہیے-علی شمخانی نے ایران اورگروپ پانچ جمع ایک کے درمیان ایٹمی سمجھوتے کی جانب اشارہ کیا اورکہا کہ دونوں فریقوں کی جانب سے اپنے وعدوں پرعمل درآمد سے ہی سیاسی راہ حل پائیدارہوسکتی ہے- انھوں نے کہا کہ پابندیاں دوبارہ لاگو کرنا یا انھیں باقی رکھنا جامع مشترکہ ایکشن پلان کے منافی ہوگا اوراس سے بے اعتمادی بڑھے گی-
ہالینڈ کے وزیرخارجہ نے بھی اس ملاقات میں ایران کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے کے لیے اپنے ملک کی آمادگی پر زوردیتے ہوئے کہا کہ ہالینڈ اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون میں توسیع اوروفود کے تبادلے کا خیرمقدم کرتا ہے- انھوں نے کہا کہ ایٹمی سمجھوتے نے یورپی ممالک خاص طورپرہالینڈ اورایران کے درمیان مختلف شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے کے لیے ایک نیا باب کھولا ہے-