پارچین سائٹ سے نمونے حاصل کیا جانا نقشہ راہ کے مطابق ہے : علی اکبر صالحی
Sep ۲۲, ۲۰۱۵ ۰۸:۱۳ Asia/Tehran
اسلامی جمہوریہ ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ علی اکبر صالحی نے پارچین سائٹ سے نمونے لئے جانے کو آئی اے ای اے کے ساتھ تعاون کے نقشہ راہ کا حصہ قرار دیا ہے۔
ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ علی اکبر صالحی نے ہمارے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی ماہرین کے ہاتھوں پارچین سائٹ کے نمونے لئے جانے پر مبنی پیر کی شام کو دیئے گئے ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی، آئی اے ای اے، کے ڈائریکٹر جنرل یوکیا امانو کے بیان کے بارے میں کہا کہ یہ کام نقشہ راہ کے دائرے میں انجام دیا گیا ہے-انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور آئی اے ای اے اب تک دو طرفہ وعدوں پر عمل پیرا رہے ہیں- علی اکبر صالحی نے کہا کہ ایران اور آئی اے ای اے نے ویانا میں گزشتہ جولائی میں ایک معاہدے پر دستخط کئے تھے جس میں نقشہ راہ بھی شامل تھا اور اس کے مطابق فریقین ایران کے ایٹمی پروگرام سے متعلق باقی ماندہ مسائل کے بارے میں اقدامات انجام دینے کے پابند ہیں-
ان کا کہنا تھا کہ آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل نے پیر کی شام کو آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز کے ارکان کو مثبت رپورٹ پیش کی ہے اور اپنے دورہ ایران پر اطمینان کا اظہار کیا ہے-
ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ نے کہا کہ ایران نے اپنے مفادات اور قومی تقاضوں کے مطابق عمل کیا ہے اور یہ وعدہ کیا گیا ہے کہ ایران کا ایٹمی معاملہ آئندہ پندرہ دسمبر تک ختم ہوکر آئی اے ای اے کے ایجنڈے سے نکل جائے گا-
قابل ذکر ہے کہ آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل یوکیا امانو نے اپنے دورہ ایران سے متعلق رپورٹ میں کہا ہے کہ آئی اے ای اے پارچین سائٹ سے ایرانی ماہرین کے ہاتھوں نمونے حاصل کئے جانے کی تصدیق کرتی ہے-