ایرانی عوام عالمی برادری کی روش میں بنیادی تبدیلی دیکھنا چاہتے ہیں: محمد جواد ظریف
Sep ۲۳, ۲۰۱۵ ۱۰:۲۶ Asia/Tehran
-
ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ ایرانی عوام، عالمی برادری کی روش میں بنیادی تبدیلی دیکھنا چاہتے ہیں-
وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے منگل کی شام، نیویارک پہنچنے پر گروپ پانچ جمع ایک کے ممالک سے مخاطب ہوکر کہا کہ ایران کے عوام جامع ایٹمی معاہدے کے بعد عالمی برادری کی روش میں بنیادی تبدیلی دیکھنا چاہتے ہیں-
محمد جواد ظریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سترویں اجلاس میں شرکت کے لئے نیویارک گئے ہیں- انہوں نے نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کی قرارداد بائیس اکتیس میں کہا گیا ہے کہ روش اور طریقہ کار میں بنیادی تبدیلی ہوئی ہے تو ایرانی عوام اس تبدیلی کو دیکھنا چاہتے ہیں- محمد جواد ظریف نے کہا کہ افسوس کہ مغربی ممالک کی روش، دہری پالیسیوں کے استعمال اور ایرانی عوام کی ترقی کے راستے میں غیر منطقی رکاوٹیں کھڑی کئے جانے کے نتیجے میں ایران میں مغرب سے متعلق بہت زیادہ عدم اعتماد پایا جاتا ہے-
انہوں نے کہا کہ گروپ پانچ جمع ایک اور عالمی برادری کے دیگر رکن ممالک، خاص طور سے وہ ممالک، جنہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کے خلاف غیرمنصفانہ اور ظالمانہ پابندیاں لگائیں، وہ اب قرار داد بائیس اکتیس کے مطابق اپنی روش میں تبدیلی پیدا کریں اور یہ ثابت کریں کہ وہ مستقبل کو الگ نطر سے دیکھ رہے ہیں-
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ دباؤ اور دھمکیوں سے ہرگز نہیں ڈرتا بلکہ پوری طاقت کے ساتھ ان کا مقابلہ کرتا ہے- محمد جواد ظریف نے کہا کہ ہمارے شرکا ویانا ایٹمی معاہدے کے مطابق عمل کریں اور آگے کی طرف قدم بڑھائیں-
ایران کے وزیر خارجہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے لئے نیویارک گئے ہیں اور وہ اس موقع پر بعض ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقات بھی کریں گے- ایران کے نائب وزرائے خارجہ سید عباس عراقچی اور حمید بعیدی نژاد بھی جواد ظریف کے ساتھ نیویارک گئے ہیں-