سانحہ منی کے خلاف ایران بھر میں احتجاج
Sep ۲۵, ۲۰۱۵ ۱۷:۳۹ Asia/Tehran
حج کے انتظامات میں سعودی حکومت کی لاپرواہی کے خلاف ایران بھر میں نماز جمعہ کے بعد مظاہرے کئے گئے۔
تہران سمیت ایران کے سب ہی شہروں میں لوگوں نے نماز جمعہ کے بعد سڑکوں پر آکر مظاہرے کئے اور سعودی عرب کی حکومت کو سانحہ منی کا اصل ذمہ قرار دیا ہے۔مظاہرین نے آل سعود مردہ باد، امریکہ مردباد اور اسرائیل مردہ باد کے نعرے لگائے اور سانحہ منی کے ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دیئے جانے کا مطالبہ کیا۔
مظاہرین نے سعودی حکام کی نالائقی اور انتظامی لاپرواہی کو سانحہ منی کی اہم ترین وجہ قراردیا اور آل سعود حکومت سے حج کے انتظامات لیکر عالمی کمیٹی کے سپرد کئے جانے پر زور دیا۔
درایں اثنا ایران کی تشخیص مصلحت نظام کونسل کے سربراہ آیت اللہ ہاشمی رفسجانی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سعودی حکومت اس سانحہ کی ذمہ دار ہے اور اسے عالم اسلام کے سامنے جوابدہ ہونا چاہیے۔
جید عالم دین آیت اللہ ناصر مکارم شیرازی نے بھی سانحہ منی پر تعزیت پیش کرتے ہوئے عالم اسلام کےجید علما، دانشوروں اور سیاستدانوں پر زور دیا ہے کہ وہ حرمین شریفین کے انتظام کے لئے ضروری اقدامات عمل میں لائیں۔